نوجوان سائنس دان اپنی ٹیکنالوجی تخلیق کر یں، چیئرمین پی اے ای سی
سائنس، تحقیق میں مسلسل سرمایہ کاری ہی پاکستان کو ترقی یافتہ اور خود کفیل بناسکتی قوموں کی ترقی کیلئے علم، تحقیق، ٹیکنالوجی نا گزیر ،راجہ علی رضا ، سمر کالج کی تقریب سے خطاب
نتھیاگلی (سید ظفر ہاشمی) چیئرمین پاکستان اٹامک انرجی کمیشن ڈاکٹر راجہ علی رضا انور نے نوجوان سائنس دانوں پر زور دیا ہے کہ وہ دوسری اقوام کی تیار کردہ ٹیکنالوجی استعمال کرنے کے بجا ئے خود نئی ٹیکنالوجی تخلیق کریں۔ سائنس، تحقیق اور انسانی وسائل کی ترقی میں مسلسل سرمایہ کاری ہی پاکستان کو مستقبل میں ترقی یافتہ، خود کفیل اور عالمی سطح پر نمایاں مقام دلا سکتی ہے ۔ وہ 51ویں بین الاقوامی نتھیا گلی سمر کالج کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس عالمی سائنسی پروگرام میں پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک سے ممتاز سائنس دانوں، محققین اور نوجوان اہلِ علم نے شرکت کی۔
چیئرمین پاکستان اٹامک انرجی کمیشن نے کہا قوموں کی ترقی کا انحصار قدرتی وسائل سے زیادہ علم، تحقیق، اختراع، صلاحیت اور ٹیکنالوجی پر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سمر کالج کے موضوعات حکومتِ پاکستان کے اڑان پاکستان وژن سے مکمل ہم آہنگ ہیں جس کا مقصد جدت، ڈیجیٹل تبدیلی، صنعتی ترقی اور انسانی وسائل میں سرمایہ کاری کے ذریعے پائیدار معاشی ترقی حاصل کرنا ہے ۔ اس سال کے سمر کالج میں بیس ممالک کے پینتالیس ممتاز سائنس دانوں نے شرکت کی ۔چیئرمین نے پرامن مقاصد کے لیے ایٹمی سائنس اور ٹیکنالوجی کے استعمال کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کمیشن صاف اور ماحول دوست ایٹمی بجلی پیدا کرتا، اکیس ایٹمی توانائی سرطان ہسپتالوں کے ذریعے جدید علاج فراہم اور غذائی تحفظ کے لیے بہتر فصلوں کی اقسام تیار کر رہا ہے ۔ اس موقع پر ڈاکٹر شکیل عباس روفی اور بیرون ملک سے آئے سائنس دانوں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments