آزاد کشمیر الیکشن کا پہلا مرحلہ ،ہزاروں سرکاری ملازمین نے ووٹ ڈالا
8اضلاع میں پولنگ، سکیورٹی سخت ، گنتی عام انتخابات کے نتائج کیسا تھ ہو گی وادی نیلم میں پولنگ کے دوران بیلٹ پیپر کی تصویر لینے پر تحصیلدار شاردہ گرفتار
مظفرآباد(مانیٹرنگ ڈیسک)آزاد جموں و کشمیر الیکشن کے پہلے مرحلے میں ہزاروں سرکاری ملازمین نے گزشتہ روز حق رائے دہی استعمال کیا ،آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی 33 میں سے 26 نشستوں پر انتخابات 27 جولائی کو ہو رہے ہیں ،پہلے مرحلے میں 8 اضلاع کے سرکاری ملازمین نے ووٹ کاسٹ کیے ۔اس موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے ، پولیس کے ساتھ ایف سی اہلکار وں نے بھی سکیورٹی کے فرائض انجام دئیے ۔آزاد کشمیر انتخابات کے لیے 30 ہزار سرکاری ملازمین کے ووٹ کاسٹ کر نے کے انتظامات کیے گئے تھے۔
ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز کے دفاتر کو پولنگ سٹیشن قرار دے دیا گیاتھا ، سرکاری ملازمین کے ووٹوں کی گنتی عام انتخابات کے نتائج کے دوران شمار کی جائے گی۔27 جولائی کو ہونے والے الیکشن میں کل 33 لاکھ 65 ہزار 839 رجسٹرڈ ووٹر حق رائے دہی استعمال کریں گے جن میں مرد ووٹوں کی تعداد 17 لاکھ 53 ہزار933 جبکہ خواتین ووٹوں کی تعداد 16 لاکھ 11 ہزار906 ہے ۔ چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر جسٹس غلام مصطفیٰ مغل نے گزشتہ روز مختلف پولنگ سٹیشنز کا دورہ بھی کیا اور اپنے بیان میں الیکشن ملتوی ہونے کی افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات مقررہ وقت پر ہی ہوں گے ۔ ادھر پولنگ کے دوران بیلٹ پیپر کی تصویر لینے پر تحصیلدار شاردہ کو گرفتار کرلیا گیا۔ وادی نیلم پولیس کے مطابق ملزم نے سرکاری ملازمین کی پولنگ کے دوران بیلٹ پیپر کی تصویر لی تھی ، گرفتاری ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کی ہدایت پر کی گئی ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments