مختلف علاقوں میں بارش، سیلابی ریلے، لینڈ سلائیڈنگ، بچوں سمیت 13 جاں بحق

مختلف علاقوں میں بارش، سیلابی ریلے، لینڈ سلائیڈنگ، بچوں سمیت 13 جاں بحق

خیبرمیں دوگاڑیاں بہہ گئیں،6افرادجاں بحق،3لاپتا،خواتین بچوں کوبچالیا گیا،نگرمیں 4مزدورلینڈسلائیڈنگ کی زدمیں آئے ندی نالوں میں طغیانی،لیہ میں2سرکاری سکول دریابرد، مردان میں چھت گرنے سے 2بچے ،لاہورمیں نوجوان چل بسا

 راولپنڈی ، لاہور، پشاور ،مردان( نیوز رپورٹر ، سٹاف رپورٹر، نیوز ایجنسیاں ) ملک کے مختلف حصوں میں ہونے والی موسلا دھاربارش ،سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ نے تباہی مچادی جس کے باعث مختلف حادثات میں 2بچوں سمیت 13افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ، جی بی نگر میں چھلت کے علاقے بڈہ لس میں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے 4مزدور جاں بحق ہوگئے ،لاہور میں کرنٹ لگنے سے نوجوان جاں بحق ہو گیا ۔ مردان رستم کالو ڈھیری میں کمرے کی چھت گرنے سے 2بچے جاں بحق جبکہ ماں اور بیٹی شدید زخمی ہوگئیں۔ضلع خیبر میں مختلف واقعات میں 6افراد جاں بحق جبکہ کئی افراد زخمی ہوگئے ، شدید بارش کے باعث لنڈی کوتل اور گردونواح میں متعدد رابطہ سڑکیں متاثر ہوئیں اور کچے مکانات اور 10سے زائد گھروں کی چاردیواریاں بھی منہدم ہوگئیں۔

خیبر میں تیز بارش کے باعث مختلف مقامات پر سیلابی ریلوں میں دو گاڑیاں بہہ گئیں، سوار خواتین اور بچوں کو بچا لیا گیا جبکہ پولیس کے مطابق تین افراد لاپتا ہیں۔پولیس کے مطابق علاقہ خوگہ خیل زکریا مسجد کے قریب کار سیلابی ریلے کی نذر ہوئی، کار میں موجود تمام افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے ۔کشمیر کی وادی نیلم کے نواحی گاؤں میں کلاؤ ڈ برسٹ کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آگئی جس سے متعدد مکانات، دکانیں سیلاب میں بہہ گئیں، ادھر مینگل نالے کے قریب متعدد گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں ، مال مویشی بھی نالے میں بہہ گئے ۔ مرکزی شاہراہ نیلم پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔مانسہرہ کے علاقے جبوڑی میں کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں متعدد ہوٹلوں اور رہائشی مکانات کو شدید نقصان پہنچا ۔ نگر میں چھلت کے علاقے بڈہ لس میں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے 4مزدور جاں بحق ہوئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق مزدور کام کر کے شام کو گھروں کو واپس جا رہے تھے کہ لینڈ سلائیڈنگ ہوگئی اور ملبے تلے آگئے جس کے نتیجے میں 3مزدور زخمی بھی ہو ئے ،جاں بحق ہونیوالوں میں لیہ پنجاب کا رہا ئشی شفقت بھی تھا ، فدا حسین کاتعلق چھلت جبکہ 2مزدروں کا تعلق کوہستان سے بتایا جارہا ہے ۔ لاہور میں موسلا دھار بارش کے دوران دو مختلف حادثات میں ایک شخص جاں بحق جبکہ سات زخمی ہوگئے ۔ شادباغ کھوکھر روڈ پر کرنٹ لگنے سے بائیس سالہ عدنان جاں بحق ہوگیا ۔ دوسرا واقعہ نین سکھ کے علاقے میں پیش آیا جہاں گھر کی دیوار گرنے سے سات افراد زخمی ہوگئے ۔

پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے کہا ہے کہ صوبے کے بیشتر دریاؤں میں پانی کا بہا ؤمعمول کے مطابق ہے تاہم دریائے چناب کے خانکی اور قادر آباد کے مقامات پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے ۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ موسم اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ ادھر لیہ کے موضع سمرانشیب میں دریائے سندھ کی بے رحم موجیں بے قابو ہوگئیں، پانی کے تیز بہا ؤمیں دو بڑے سرکاری سکول دریا برد ہوگئے ، دریائے سندھ کے کٹا ؤسے اب تک سینکڑوں ایکڑ فصلوں اور 300مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ حسن ابدال کے نواحی علاقے کوہلیہ کا پل ایک بار پھر تیز سیلابی ریلے کی نذر ہو گیا ۔نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں کے لیے فلیش فلڈ کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...