سینیٹ سوسائٹی کوذاتی جاگیر نہیں بننے دینگے : داخلہ کمیٹی

سینیٹ سوسائٹی کوذاتی جاگیر نہیں بننے دینگے : داخلہ کمیٹی

ایک پرائیویٹ شخص کا20سال سے قبضہ ،ملازمین کوپلاٹ نہ مل سکے

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سینیٹ کی ذیلی کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس کے دوران سینیٹ ایمپلائز ہاؤسنگ کارپوریشن کا معاملہ اُٹھایا گیا جس پر کمیٹی نے ایف آئی اے سے اس حوالے سے تفصیلی استفسار کیا ، ایف آئی اے نے آئندہ اجلاس میں تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی یقین دہانی کرا دی ۔ اجلاس کے دوران چیئرمین کمیٹی سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے کہا کہ سینیٹ کی سوسائٹی بنائی گئی، سینیٹ ملازمین نے پیسے بھی دیئے ،اگر کسی نے سینیٹ سوسائٹی کو ذاتی جاگیر بنا لیا ہے تو اس کی اجازت نہیں دی جا سکتی، ہمیں کم از کم اپنے ملازمین کو تحفظ تو دینا چاہئے۔

انھوں نے کہا کہ ہماری عدلیہ کا عالمی رینکنگ میں سب سے کم درجہ ہے ،ہماری عدلیہ پر بڑے سوالات ہیں،تین ماہ ہو گئے ہیں ابھی تک کچھ نہیں ہوا۔ چیئرمین کمیٹی سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے کہا کہ سینیٹ ہاؤسنگ سوسائٹی پر ایک پرائیویٹ شخص نے قبضہ کر رکھا ہے ،بیس سال ہو گئے ہیں کسی ملازم کو ابھی تک پلاٹ نہیں مل سکے ، سیف اللہ ابڑو نے کہا کہ ایف آئی اے اگر ہدایت پر عمل نہیں کرتی تو کمیٹی ختم کر دیتے ہیں، کنوینر کمیٹی نے ایف آئی اے حکام سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ کمیٹی نے اس معاملے کی انکوائری کا حکم دیا تھا اس پر کیا ہوا ،اس پر کارروائی چاہئے ، شیر علی پر کیا کارروائی کی ہے ؟زمین کتنی ہے ؟ملازمین کہاں جائیں۔ ایف آئی اے نے اپنے جواب میں کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر تمام ہاؤسنگ سوسائٹیز کا آڈٹ کیا، سوسائٹی انتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...