پانی پر ڈاکا،پیپلز پارٹی کا احتجاجی تحریک کے دوسرے مرحلے کا اعلان

پانی پر ڈاکا،پیپلز پارٹی کا احتجاجی  تحریک کے دوسرے مرحلے کا اعلان

کراچی (این این آئی)پیپلز پارٹی سندھ نے دریائے سندھ کے پانی پر مبینہ ڈاکے کیخلاف جاری احتجاجی تحریک کے دوسرے مرحلے کا اعلان کر دیا۔

پارٹی نے ’’مرسوں مرسوں، سندھو نہ ڈیسوں‘‘کے نعرے کے تحت جمعہ کو سندھ بھر کے تمام اضلاع کی تحصیلوں میں احتجاجی ریلیاں نکالنے کا فیصلہ کیا ہے ۔پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے بیان میں کہا کہ پارٹی کے تمام ضلعی، تحصیل اور مقامی عہدیداران و ذمہ داران اپنے اپنے علاقوں میں احتجاجی ریلیوں کی قیادت کریں گے اور عوام کی بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں گے ۔سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی، بھارتی آبی دہشت گردی اور دریائے سندھ کے پانی پر کسی بھی قسم کے ڈاکے کے خلاف ہر فورم پر بھرپور آواز بلند کرے گا۔

دریائے سندھ کے پانی پر ڈاکا دراصل ملکی معیشت کا گلا گھونٹنے کے مترادف ہے ، کیونکہ پانی ہی زندگی ہے اور کسی کو بھی سندھ کے عوام سے ان کے پانی اور زندگی کا حق چھیننے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے جلال پور کینال کے معاملے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی)کے حتمی فیصلے سے قبل جلال پور کینال کو ٹیسٹنگ کی بنیاد پر چلانا آئین اور وفاقی نظام کے تقاضوں کے منافی ہے ۔ جلال پور کینال سے متعلق سندھ کے اعتراضات پر مبنی سمری اس وقت بھی سی سی آئی میں زیر التوا ہے ، اس لیے کسی بھی قسم کی عملی پیشرفت مناسب نہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ مشترکہ مفادات کونسل جلال پور کینال کو ٹیسٹنگ کی بنیاد پر چلائے جانے کے اقدام کا فوری نوٹس لے ، کیونکہ سی سی آئی کے فیصلے سے قبل اس منصوبے کو چلانا آئینی ادارے کی حیثیت اور اختیار پر سوالیہ نشان ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...