اینڈی برنہم 10سال میں 7ویں برطانوی وزیر اعظم منتخب
ایڈ ملی بینڈ وزیر خارجہ ، جان ہیلی وزیر خزانہ مقرر،شبانہ محمود وزیر داخلہ برقرار ملک کوانڈسٹریلائز کریں گے ،سیاسی استحکام کی اشد ضرورت:نو منتخب وزیر اعظم برنہم کو زرداری، شہباز کی مبارکباد، پاک برطانیہ تعلقات مضبوط بنانے کا عزم
لندن،اسلام آباد (اے ایف پی،سٹاف رپورٹر)اینڈی برنہم 10سال میں 7ویں برطانوی وزیر اعظم منتخب ہو گئے ، کیئر سٹارمر کے استعفے کے بعد اینڈی برنہم نے وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھال لیا۔ لیبر پارٹی نے جولائی 2024 کے انتخابات میں کامیابی کے بعد دو سال کے اندر اپنی قیادت تبدیل کر دی،کیئر سٹارمر نے جون میں گرتی عوامی مقبولیت اور اپنی جماعت کے اندر بڑھتے دباؤ کے باعث استعفیٰ دیا تھا۔ اینڈی برنہم نے اپنے پہلے خطاب میں اعتراف کیا کہ ملک کو سیاسی استحکام کی اشد ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ تعلیمی نظام میں تبدیلیوں سے نوجوان نسل کی مدد کریں گے ۔ لندن میں اپنی سرکاری رہائش گاہ ٹین ڈاؤننگ سٹریٹ آمد کے موقع پر عوام سے خطاب کرتے ہوئے اینڈی برنہم نے کہا کہ آپ سب سے مدد کی درخواست کرتا ہوں۔ دنیا کو دکھائیں گے کہ ہم ملک کا استحکام بحال کرسکتے ہیں۔
برنہم نے کہا کہ دس سالہ منصوبے کے تحت ملک کوانڈسٹریلائز کریں گے ۔ مہنگائی کو کم کرنے کیلئے فوری اقدامات کریں گے ، نئے کونسل گھر بنائیں گے ، طلبا کو ہر قسم کی مدد فراہم کریں گے ۔علاوہ ازیں اینڈی برنہم نے ایک غیر متوقع فیصلہ کرتے ہوئے سابق وزیر دفاع جان ہیلی کو برطانیہ کا نیا چانسلر(وزیر خزانہ) مقرر کر دیا، حالانکہ گزشتہ کئی ہفتوں سے یہ قیاس آرائیاں جاری تھیں کہ چانسلر کے عہدے کے لیے اصل مقابلہ ایڈ ملی بینڈ اور شبانہ محمود کے درمیان ہے ۔ایڈ ملی بینڈ کو چانسلر کے بجائے وزیرِ خارجہ مقرر کیا گیا ہے ، جبکہ شبانہ محمود بدستور وزیر داخلہ کے عہدے پر برقرار رہیں گی۔ادھر ایویٹ کوپر کو وزارتِ خارجہ سے ہٹا کر وزیرِ صحت مقرر کیا گیا ہے تاکہ وزارتِ خارجہ میں ایڈ ملی بینڈ کے لیے جگہ بنائی جا سکے ۔
دوسری جانب لوئز ہیگ کو چانسلر آف دی ڈچز آف لنکاسٹر اور فرسٹ سیکرٹری آف سٹیٹ مقرر کیا گیا ہے ، جس کے بعد وہ عملی طور پر کابینہ کی دوسری بااثر ترین شخصیت بن گئی ہیں۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے اینڈی برنہم کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی ہے ۔ صدر مملکت نے امید ظاہر کی کہ وزیراعظم اینڈی برنہم کی قیادت میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دیرینہ دوطرفہ شراکت داری مزید مضبوط ہوگی ۔صدر آصف علی زرداری نے وزیراعظم اینڈی برنہم کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دیرپا اور مضبوط تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے اینڈی برنہم کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے ۔وزیراعظم نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوستانہ اور دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ برطانیہ میں مقیم لاکھوں پاکستانی دونوں ممالک کے درمیان روشن تعلقات کے عکاس ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments