انتخابی نظام میں سب کو مل کر بہتری لانا ہو گی:بلاول
کشمیر میں ٹرتھ کمیشن پر اتفاق ہوجائے تو مظاہرین احتجاج موخر کردیں وفاقی وزیر اپنے بیان پر معافی مانگیں یا وزارت چھوڑ دیں:چیئرمین پی پی
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر کشمیریوں سے معافی مانگیں یا وزارت چھوڑ دیں،پاکستان کے انتخابی نظام میں سب کو مل کر بہتری لانا ہو گی،موقع اور حمایت ملی تو ہم پاکستان کے انتخابی نظام میں مزید تبدیلیاں لائیں گے ۔ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے تجویز دی کہ اگر ٹرتھ کمیشن کے قیام پر اتفاق ہو جائے تو مظاہرین اپنا احتجاج عارضی طور پر موخر کر دیں، جبکہ حکومت بھی کمیشن کی رپورٹ آنے تک مزید کارروائیاں روک دے ۔
انہوں نے کہا کشمیر کا مسئلہ صرف 12 نشستوں کا نہیں بلکہ کشمیری عوام کے حقوق اور حق حکمرانی کا معاملہ ہے ۔ ماہرین کی مشاورت سے کشمیری عوام کو مزید آئینی، سیاسی اور معاشی حقوق دینے کا طریقہ کار طے کیا جانا چاہیے ، جبکہ مخصوص نشستوں یا آئینی ترامیم سے متعلق فیصلے بھی کشمیری عوام کی رائے سے ہونے چاہئیں۔ سکیورٹی خدشات والے چند علاقوں کے علاوہ پورے خطے میں مواصلاتی پابندیاں درست نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت وفاقی کابینہ میں شامل ہونے کی خواہش نہیں رکھتی اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی رابطہ ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن اپنی تقریر سے پیدا ہونے والے منفی تاثر کو خود اپنے الفاظ کے ذریعے دور کر سکتے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments