بیرون ملک محفوظ روز گار ،قومی امیگریشن و ویلفیئر پالیسی کا باضابطہ اجرا
مقصد ہنرمند افرادی قوت کی تیاری اوورسیز پاکستانیوں کو مؤثر تحفظ فراہم کرنا ہے پالیسی میں 5بنیادی حکمتِ عملی کے ستونوں کے تحت اصلاحات نافذ ، چودھری سالک
اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے ) وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز چودھری سالک حسین نے اسلام آباد میں قومی امیگریشن و ویلفیئر پالیسی 2026 کا باضابطہ اجراء کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا مقصد بیرون ملک محفوظ اور قانونی روزگار کے مواقع بڑھانا، ہنرمند افرادی قوت کو عالمی معیار کے مطابق تیار کرنا اور اوورسیز پاکستانیوں کو مؤثر تحفظ فراہم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک کروڑ 10 لاکھ سے زائد اوورسیز پاکستانی ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور مالی سال 2025-26 کے دوران 41.58 ارب ڈالر کی ریکارڈ ترسیلاتِ زر بھیجیں،پالیسی کے تحت پانچ بنیادی حکمت عملی کے ستون متعارف کرائے گئے ہیں، جن میں محفوظ امیگریشن، ہنر کی ترقی، لیبر مارکیٹ ریسرچ سیل، اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز کے نظام کی اصلاح، ڈیجیٹل امیگریشن سسٹم اور یورپی یونین کے ساتھ ٹیلنٹ پارٹنرشپس شامل ہیں ،انہوں نے بتایا کہ نیوٹیک کے تعاون سے تربیتی نصاب کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کیا جائے گا جبکہ خواتین، معذور افراد اور کم نمائندگی والے علاقوں کو بھی خصوصی مواقع د ئیے جائیں گے ، کارکنوں کی شکایات کے ازالے کے لئے انٹرنیشنل کال سینٹر، خصوصی عدالتیں، ای او بی آئی پنشن، تعلیمی واؤچرز ، وطن واپسی پر بحالی کا نظام بھی متعارف کرایا جائے گا ، پالیسی پر عملدرآمد ایک ، دو اور تین سالہ مراحل میں ہوگا، جبکہ وفاقی وزیر کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی ٹاسک فورس اس کی نگرانی کرے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments