وزیراعظم آفس سسٹم کو مکمل فعال بنانے کیلئے اقدامات تیز
سسٹم مرکزی ڈیجیٹل کمانڈ، نگرانی، شفافیت اور بین الوزارتی رابطے مزید مؤثر بنائیگا تمام سیکرٹریز آئندہ ہفتے تک اپنی وزارتوں کا زیادہ تر ڈیٹا سسٹم پر اپ لوڈ کریں ، احد چیمہ
اسلام آباد (اے پی پی)وزیراعظم آفس نے وفاقی حکومت میں ڈیجیٹل گورننس، شفافیت، جوابدہی اور نتائج پر مبنی انتظامی نظام کے فروغ کے لیے پی ایم آفس سسٹم کو مکمل طور پر فعال بنانے کے اقدامات تیز کر دئیے ہیں۔ اس نظام کو حکومت کے مرکزی ڈیجیٹل کمانڈ اور مانیٹرنگ پلیٹ فارم کے طور پر استعمال کرتے ہوئے بین الوزارتی رابطوں، کارکردگی کی نگرانی اور عوامی خدمت کی فراہمی کو مزید مؤثر، شفاف اور تیز رفتار بنایا جائے گا۔ اس سلسلے میں پی ایم آفس میں سیکرٹریز کمیٹی کا اعلیٰ سطح کا اجلاس وفاقی وزیر اقتصادی امور و اسٹیبلشمنٹ ڈویژن احد چیمہ اور وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر توقیر شاہ کی مشترکہ صدارت میں ہوا۔
پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی نے بتایا کہ تمام ابتدائی تکنیکی بہتریاں مکمل ہو چکی ہیں اور پلیٹ فارم وفاقی حکومت کی سطح پر حقیقی وقت میں نگرانی کے لیے مکمل طور پر تیار ہے ۔احد چیمہ نے کہا کہ پی ایم آفس سسٹم روایتی دستی طریقہ کار کی جگہ مربوط ڈیجیٹل نظام فراہم کرے گاجس سے براہِ راست نگرانی، فوری فیڈبیک، اعدادوشمار پر مبنی فیصلہ سازی، وزارتوں کے درمیان مؤثر رابطہ اور حکومتی فیصلوں پر بروقت عملدرآمد ممکن ہوگا۔ انہوں نے تمام وفاقی سیکرٹریز کو ہدایت کی کہ آئندہ ہفتے تک اپنی وزارتوں کا زیادہ تر ڈیٹا پی ایم آفس سسٹم پر اپ لوڈ کریں اور روزانہ کم از کم دو مرتبہ نظام پر اپنے سپرد کردہ امور کا جائزہ لیں۔ وفاقی سیکرٹریز نے اس نظام کو سراہتے ہوئے اس کے مؤثر استعمال اور پی ایم آفس و پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر احد چیمہ سے فارن، کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس کے ڈویلپمنٹ ڈائریکٹر سام والڈاک نے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعاون، ترقیاتی اقدامات اور اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments