7 مئی تا 2 جولائی : رجسٹرڈووٹرز میں 5 لاکھ 89 ہزار 458 کمی، پنجاب سرفہرست
8لاکھ 94ہزار 924نئے ووٹرز کا اندراج، 14لاکھ 84ہزار 382فوت شدہ کے نام فہرستوں سے خارج کیے گئے پنجاب 478909، سندھ میں تعداد 97216، خارج ناموں میں مرد زیادہ، حلقہ تبدیلی پر پرانی رجسٹریشن ختم
اسلام آباد (وقارعلی سید)الیکشن کمیشن کے مطابق 7 مئی سے 2 جولائی کے دوران ملک بھر میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد میں 5 لاکھ 89 ہزار 458 کی خالص کمی ریکارڈ کی گئی، رجسٹرڈ ووٹرز کی مجموعی تعداد 13 کروڑ 71 لاکھ 63 ہزار 857 سے کم ہو کر 13 کروڑ 65 لاکھ 74 ہزار 399 رہ گئی۔ ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق 14 لاکھ 84 ہزار 382 وفات پانے والے ووٹرز کے نام انتخابی فہرستوں سے خارج کیے گئے جبکہ 8 لاکھ 94 ہزار 924 نئے اہل ووٹرز یعنی نئے قومی شناختی کارڈ ہولڈرز انتخابی فہرستوں میں شامل کیے گئے ۔ صوبہ وار اعدادوشمار کے مطابق ووٹرز کی تعداد میں سب سے زیادہ کمی پنجاب میں 4 لاکھ 78 ہزار 909 ووٹرز کی کمی ہوئی جو مجموعی کمی کا تقریباً 81 فیصد ہے ۔ سندھ میں 97 ہزار 216 ووٹرز کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ ذرائع کے مطابق مرد ووٹرز کی تعداد میں خواتین کی نسبت زیادہ کمی آئی۔ اعدادوشمار کے مطابق 4 لاکھ 50 ہزار 962 مرد ووٹرز اور 1 لاکھ 38 ہزار 496 خواتین ووٹرز کی خالص کمی ریکارڈ ہوئی۔
انتخابی فہرستوں میں ڈپلیکیٹ ووٹرز کی موجودگی کا امکان نہیں کیونکہ ووٹر رجسٹریشن کا نظام کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ سے منسلک ہے اور ایک شناختی کارڈ پر صرف ایک ووٹ رجسٹر کیا جا سکتا ہے۔ اگر کوئی ووٹر انتخابی حلقہ تبدیل کرتا ہے تو نظام پرانی رجسٹریشن ختم کرکے نئی جگہ اندراج کر دیتا ہے ۔ قانون کے مطابق انتخابی فہرستیں الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 25 کے تحت نادرا سے موصول ہونے والے ڈیٹا کی بنیاد پر مسلسل اپ ڈیٹ کی جاتی ہیں جس میں نئے اہل ووٹرز کا اندراج، ووٹر کوائف میں تبدیلی اور وفات پانے والے ووٹرز کے ناموں کا اخراج شامل ہے ۔ اعدادوشمار کے مطابق 9 مارچ 2026 کو ملک میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 13 کروڑ 65 لاکھ 66 ہزار 594 تھی جو 7 مئی تک بڑھ کر 13 کروڑ 71 لاکھ 63 ہزار 857 ہو گئی اور تقریباً 5 لاکھ 97 ہزار 263 ووٹرز کا اضافہ ہوا۔ اس کے بعد دو ماہ میں 5 لاکھ 89 ہزار 458 ووٹرز کی کمی ریکارڈ کی گئی اور 2 جولائی کو رجسٹرڈ ووٹرز کی مجموعی تعداد 13 کروڑ 65 لاکھ 74 ہزار 399 رہ گئی جو مارچ کے اعدادوشمار سے صرف 7 ہزار 805 زیادہ ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments