آزاد کشمیر الیکشن کا دوسرا مرحلہ، مظفرآباد ڈویثرن کی 9، مہاجرین کی 12 نشستوں پر آج پولنگ
انتظامات مکمل ، 21نشستوں پر351امیدوار ،12لاکھ سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کرینگے ، پولنگ صبح 8سے شام 5بجے تک ہوگی مظفرآباد ڈویژن کے تین حلقے انتہائی حساس قرار ، راولپنڈی میں مہاجرین کی 3نشستوں پر 35، لاہور میں 2نشستوں پر 17امیدوار مد مقابل
مظفرآباد، لاہور ، پشاور ، راولپنڈی (دنیا نیوز، کورٹ رپورٹر ، مانیٹرنگ ڈیسک ، ایجنسیاں )آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات کے دوسرے مرحلے میں آج مظفرآباد ڈویژن کی 9 اور مہاجرین کی 12نشستوں پر پولنگ ہوگی، الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی سامان اور عملہ بھی پہنچ گیا ،پولنگ صبح 8 سے شام 5 بجے تک ہوگی۔الیکشن کمیشن کے مطابق کل 21 نشستوں پر 12 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے ، مظفرآباد ڈویژن کی 9 نشستوں پر 8 لاکھ 9 ہزار 621 ووٹرز ووٹ ڈالیں گے ، جن میں نیلم کی 2 نشستوں پر ایک لاکھ 51 ہزار 911، جہلم ویلی کی دو نشستوں پر ایک لاکھ 77 ہزار 500 اور ضلع مظفرآباد کی پانچ نشستوں پر 4 لاکھ 80 ہزار 219 ووٹرز شامل ہیں ، ان 9 نشستوں پر 208 جبکہ مہاجرین کی 12 نشستوں پر 143 امیدوار میدان میں ہیں ، مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی، استحکام پاکستان پارٹی سمیت 25 رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کے درمیان مقابلے کی توقع ہے۔
الیکشن کمیشن نے مظفرآباد ڈویژن میں 1483 پولنگ سٹیشنز اور 2219 پولنگ بوتھ قائم کئے ہیں ، انتہائی حساس پولنگ سٹیشنز پر 8، حساس پر 6 اور نارمل پولنگ سٹیشنز پر 4 سکیورٹی اہلکار تعینات کئے جائیں گے ، جبکہ حلقہ ایل اے 28، ایل اے 29 اور ایل اے 31 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے ، دوسری جانب مہاجرین کشمیر مقیم پاکستان کی 12 نشستوں پر بھی آج پولنگ ہوگی ، راولپنڈی میں مہاجرین کی تین نشستوں پر 35 امیدوار ہیں جن میں 4 خواتین بھی شامل ہیں ،ان نشستوں پر 27 ہزار 907 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں، 175 پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں جن میں 31 کو حساس قرار دیا گیا جبکہ پولنگ سٹیشنز کے 500 میٹر کے اندر کیمپ لگانے ، نعرے بازی، ریلیوں اور احتجاج پر پابندی عائد رہے گی ،4 ہزار پولیس اہلکار سکیورٹی پر مامور ہوں گے ،گجرات میں حلقہ ایل اے 38 جموں 5 کے لئے 50 ہزار 225 رجسٹرڈ ووٹرز 115 پولنگ سٹیشنز پر ووٹ ڈالیں گے ، جبکہ نارووال میں حلقہ ایل اے 37 جموں 4 کے ایک لاکھ 11 ہزار 203 ووٹرز کے لئے 185 پولنگ سٹیشن اور 317 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں، جہاں 11 امیدوار مدمقابل ہیں ، چنیوٹ میں 410 ووٹرز کے لئے چار پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جبکہ بہاولنگر میں مہاجرین کی 2نشستوں کے لئے پولنگ کا سامان سخت سکیورٹی میں پولنگ سٹیشنز تک پہنچا دیا گیا۔
لاہور میں مہاجرین کی دو نشستوں ایل اے 34 جموں ون اور ایل اے 41 ویلی ٹو میں آج پولنگ ہوگی ، ایل اے 34 میں 5 ہزار 965 رجسٹرڈ ووٹرز اور 17 امیدوار جبکہ ایل اے 41 میں 6 ہزار 410 ووٹرز اور 9 امیدوار میدان میں ہیں ان دونوں نشستوں کے لئے مجموعی طور پر 44 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں، جن میں لاہور کے علاوہ شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، قصوردیگر علاقوں میں بھی پولنگ سٹیشن شامل ہیں ، مسلم لیگ ن کے امیدواروں ناصر حسین ڈار ،استحکام پاکستان پارٹی کی جانب سے بلال مختار بٹ الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں، پیپلز پارٹی کی جانب سے چودھری عبدالقادر چوہان، جماعت اسلامی کی جانب سے راجہ محمد سہیل میدان میں ہیں دیگر امیدواروں میں راجہ وحید احمد، ریاض احمد، سلیمان علی، طیبہ غفور، عبد الرشید، عظیم قادر، محمد سعود مختار، مرزا محمد صادق، ملک محمد اسلم ، یاسر غفور شامل ہیں ،ایل اے 34 میں مجموعی طور پر 25 پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں ، ایل اے 41 ویلی ٹو کی نشست کے لئے 9 امیدوار مدمقابل ہیں، مسلم لیگ ن کی جانب سے محمد عامر شاہ، پیپلز پارٹی کی جانب سے غلام عباس، ا ستحکام پاکستان کے سعید احمد ڈار اور جماعت اسلامی کے منظور احمد میدان میں ہیں ،دیگر امیدواروں میں ثاقب سلیم، صبا دیوان، قمر اقبال، محمد عاطف میر کے درمیان مقابلہ ہوگا، ایل اے 41 میں لاہور میں 13 پولنگ سٹیشنز، شیخوپورہ میں 4 ننکانہ میں ایک اور قصور میں ایک پولنگ سٹیشن قائم ہوگا، ایل اے 41 میں 19 پولنگ سٹیشنز قائم کئے جائیں گے ، خیبرپختونخوا میں حلقہ ایل اے -45 کشمیر ویلی VI کے انتخابات کے لیے بھی انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں ، اس حلقے میں 7 ہزار 655 رجسٹرڈ ووٹرز کے لئے 41 پولنگ سٹیشن اور 70 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں یہاں سات امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments