گوادر پورٹ: 3 ماہ میں 2 لاکھ ٹن ٹرانزٹ بریک بلک کارگو ترسیل
سپلائی چینز میں تبدیلیوں سے پورٹ کی اہمیت بڑھی، چیئرمین سی اوپی ایچ ایس
گوادر(این این آئی)گوادر پورٹ نے گزشتہ تین ماہ کے دوران تقریباً 2لاکھ ٹن ٹرانزٹ بریک بلک کارگو کی ترسیل مکمل کر کے خود کو ایک مستحکم اور قابل اعتماد سمندری تجارتی راہداری کے طور پر منوا لیا ہے ۔چائنا اوورسیز پورٹس ہولڈنگ کمپنی کے چیئرمین یو بو نے پاکستان لاجسٹکس اینڈ شپنگ سمٹ 2026سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی تجارت اور سپلائی چینز میں نمایاں تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں، ایسے حالات میں گوادر پورٹ کی اہمیت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مشرق وسطی کی بدلتی ہوئی جغرافیائی سیاسی صورتحال اور آبنائے ہرمز میں بحری نقل و حمل کے حوالے سے بڑھتے ہوئے خدشات کے باعث گوادر پورٹ، جو بحیرہ عرب پر اس اہم آبی گزرگاہ کے قریب واقع ہے ، ایک اہم متبادل تجارتی مرکز کے طور پر سامنے آ رہا ہے ۔یو بو نے بتایا کہ 2026 کے پہلے نصف میں وزارتِ بحری امور اور گوادر پورٹ اتھارٹی کے تعاون سے چائنا اوورسیز پورٹس ہولڈنگ کمپنی نے تجارت کے فروغ اور بندرگاہی سہولیات میں بہتری کے لیے مختلف مراعات اور اقدامات متعارف کرائے ، جس کے نتیجے میں گوادر پورٹ کی عملی سرگرمیوں میں نمایاں پیش رفت ہوئی۔انہوں نے کہا کہ وزارتِ تجارت کی جانب سے 25 اپریل 2026 کو جاری کیے گئے ٹرانزٹ آف گڈز تھرو پاکستان آرڈر 2026 کے تحت پاکستان، ایران سرحد تک جانے والے چھ زمینی ٹرانزٹ روٹس فعال کیے گئے ہیں۔ان روٹس میں 87 کلومیٹر طویل گوادر،گبد راہداری بھی شامل ہے ، جو پاکستان اور ایران کے درمیان براہ راست زمینی رابطہ فراہم کرتی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments