ایل اے 37، دھاندلی تحقیقات کرائیں:مرکزی مسلم لیگ
ن لیگ یہ نشست جیتی نہیں بلکہ جتوائی گئی:خالد نیک گجر،مزمل اقبال و دیگر ویڈیوز اور دیگر شواہد الیکشن کمیشن کے سامنے پیش کیے جائیں گے :دانیال عزیز
لاہور (سیاسی نمائندہ)مرکزی مسلم لیگ کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا ہے کہ ایل اے 37 جموں 4 میں ہونے والی مبینہ انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کر کے ، ضرورت پڑنے پر حلقے میں دوبارہ انتخابات کرائے جائیں،ن لیگ یہ نشست جیتی نہیں بلکہ جتوائی گئی جبکہ ان کے امیدوار عثمان علیم کو واضح برتری حاصل تھی، مگر انہیں 61 پولنگ سٹیشنوں کے فارم 24 فراہم نہیں کیے گئے ۔یہ مطالبہ مرکزی مسلم لیگ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل خالد نیک گجر، مرکزی ترجمان ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی، پیر اعجاز الحسن شاہ، جنرل سیکرٹری مرکزی مسلم لیگ نارووال عرفان مہیس، امیدوار عثمان علیم، صدر مسلم یوتھ لیگ تابش قیوم نے سابق وفاقی وزیر دانیال عزیز کے ہمراہ لاہور کے مقامی ہوٹل میں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ اس موقع پر آزاد کشمیر کے مذکورہ حلقے میں مبینہ انتخابی دھاندلی، انتظامیہ کی جانب سے لیگی امیدوار کی حمایت اور دیگر انتظامی بے ضابطگیوں سے متعلق سات منٹ کی ویڈیو سمیت مختلف دستاویزی شواہد میڈیا کے سامنے پیش کیے گئے۔
دانیال عزیز نے کہا کہ انتخابی عمل کے دوران سنگین بے ضابطگیاں کی گئیں اور فارم 45 سے فارم 47 تک کے مرحلے کو شفاف انداز میں مکمل نہیں ہونے دیا گیا، ویڈیوز، فارم اور دیگر دستاویزی شواہد الیکشن کمیشن کے سامنے پیش کیے جائیں گے ، ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے اور اگر ضروری ہو تو حلقے میں دوبارہ پولنگ کرائی جائے ۔مرکزی ترجمان ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے کہا کہ انتخابی عمل کے دوسرے مرحلے میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیاں ہوئیں۔ متعدد پولنگ سٹیشنوں پر پولیس نے پولنگ ایجنٹس کو ووٹوں کی گنتی سے قبل ہی باہر نکال دیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی پریس کانفرنس میں بھی ایسی ویڈیوز سامنے آئی ہیں جن میں مبینہ طور پر جعلی انتخابی مواد، مہریں اور دیگر شواہد دکھائے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابی عمل کی شفافیت کیلئے قانونی اور جمہوری جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments