موسلادھار بارشیں ، نشیبی علاقے زیر آب ، حادثات میں 6 بچوں سمیت 9 افراد جاں بحق

 موسلادھار بارشیں ، نشیبی علاقے زیر آب ، حادثات میں 6 بچوں سمیت 9 افراد جاں بحق

لاہور میں اوسطاً 23.6ملی میٹر بارش ریکارڈ ، متعدد علاقوں میں گھنٹوں بجلی بند،مریدکے میں 80سالہ شہری ڈوب گیا اوکاڑہ میں چھت گرنے سے خاتون چل بسی،پختونخوا میں ماں ، بیٹی، 2کمسن طالبات ریلوں میں بہہ گئیں، تیسری کو بچا لیا گیا

لاہور ،مانسہرہ،جوہر آباد(سٹاف رپورٹر سے ،اپنے کامرس رپورٹر سے ،نیوز ایجنسیاں)لاہور ،راولپنڈی سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشیں وقفہ وقفہ سے جاری ہیں ،نشیبی علاقے زیر آب آگئے جبکہ سیلابی ریلوں ،بارشی پانی میں ڈوبنے اور دیگر حادثات میں 6بچوں سمیت9 افراد جاں بحق ہو گئے ۔ محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کرتے کہا ہے کہ لاہور، شیخوپورہ، فیصل آباد ،گوجرانوالہ اور دیگر شہروں میں آج بارشوں کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آنے کا اندیشہ ہے ۔تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف اضلاع میں گزشتہ روز موسلا دھار بارش ہوئی ،لاہور میں اوسطاً 23 اعشاریہ 6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ،تاہم سب سے زیادہ 64 اعشاریہ 4 ملی میٹر بارش گلبرگ ہیڈ آفس ، 57ملی میٹر شادمان اور شادی پورہ جبکہ گلبرگ میں 54 ، مغلپورہ 50 ، تاج پورہ میں 34 ملی میٹرریکارڈ کی گئی ، بارش کے باعث لیسکو کے 50 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے ، فیڈرز ٹرپ ہونے اور دیگر تکنیکی خرابیوں کے باعث متعدد علاقوں میں کم و بیش 8 سے 10 گھنٹے بجلی بند رہی ۔دریں اثناء پنجاب میں سب سے زیادہ بارش فیصل آبادمیں 77، سیالکوٹ(سٹی 73، ایئرپورٹ 15)، بہاولپور(سٹی 64، ایئرپورٹ 05)، گجرات 54، منڈی بہاؤالدین 49، بہاولنگر 38، مری 29 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

موسلادھار بارش نے راولپنڈی کو ایک بار پھرڈبو دیا، متعدد نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے ،کئی گھروں اور دکانوں میں پانی داخل ہوگیا ،گرجا روڈ پر برساتی نالے میں 6 سالہ بچہ بہہ گیا ۔کامونکی میں سروس روڈ، جی ٹی روڈ اور انڈر پاسز میں پانی جمع ہونے سے ٹریفک شدید متاثر ہوئی ۔ادھر دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر سیلابی صورت حال برقرار ہے جبکہ دریائے راوی میں بلوکی ہیڈورکس پر درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر ہے ۔ دریں اثناء مرید کے میں سیلابی پانی میں بہہ کرنواحی گاؤں ننگل ساہداں کا 80سالہ بزرگ جاں بحق ہو گیا،یہاں سیلابی ریلوں میں ڈوبنے سے مرنیوالوں کی تعداد 7ہو گئی۔ جبکہ ریسکیو ون ون ٹو ٹو مریدکے نے طویل ترین سرچ آپریشن کے بعد سات روز قبل نالہ ڈیک میں ڈوبنے والے 20سالہ ابوذر کی لاش برآمد کرکے ورثاء کے حوالے کر دی۔ جوہرآباد کے نواحی گاؤں نلی میں حالیہ بارشوں کے کھڑے پانی میں ڈوب کر 12سالہ سکندر اور11 سالہ محمدعبداﷲجاں بحق ہو گئے ، دونوں اپنے ڈیرہ کے قریب کھڑے بارشی پانی میں نہا رہے تھے۔

اوکاڑہ میں اڈہ کلاسن حمید کے علاقے میں بارش کے باعث خستہ حال مکان کی چھت گرنے سے 26سالہ خاتون نادیہ زوجہ اظہر جاں بحق ہو گئی جبکہ خاتون کا 6ماہ کا بچہ معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔ پختونخوا کے ضلع مانسہرہ میں 3 کمسن طالبات سکول سے گھر واپسی کے دوران باغ کٹھہ میں برساتی نالہ عبور کرتے سیلابی ریلے کی زد میں آ گئیں ،ریلے میں بہہ کر 2بچیاں ڈوب گئیں جبکہ ایک بچی کو زندہ بچا لیا گیا، تینوں کی عمریں سات سے آٹھ سال کے درمیان تھیں۔ کوہاٹ کے قبائلی سب ڈویژن درہ آدم خیل کے علاقے پایہ جواکی میں سیلابی ریلے نے تباہی مچا دی ،ایک خاتون اوراس کی بیٹی ریلے میں بہہ کر جاں بحق ہو گئی جبکہ مقامی افراد نے خاتون کے ایک بچے کو بحفاظت نکال لیا۔ این ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 10 افراد جاں بحق ، 2 زخمی ہوئے ،26 جون سے اب تک اموات 136 ہو چکیں، 418 افراد زخمی بھی ہو چکے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...