چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کراچی پہنچ گئے ،کیسز کی سماعت کرینگے
کراچی (اسٹاف رپورٹر)چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کراچی پہنچ گئے ، سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں جسٹس مسرت ہلالی کے ہمراہ دو روز تک کیسز کی سماعت کریں گے ، سپریم کورٹ رجسٹری نے 3 سے 7 اگست تک مقدمات کی سماعت کے لیے کاز لسٹ جاری کر دی ہے۔
مختلف بینچز فوجداری، دیوانی، آئینی، سروس، کرایہ داری، بینکنگ، کارپوریٹ، اراضی، منشیات اور دیگر نوعیت کے مقدمات کی سماعت کریں گے ۔ بینچ نمبر ایک چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحیی آفریدی اور جسٹس مسرت ہلالی پر مشتمل ہوگا جو فوجداری، کرایہ داری، ایف آئی آر کے اندراج، ضمانت کی منسوخی اور دیگر دیوانی مقدمات کی سماعت کرے گا۔ بینچ نمبر دو جسٹس منیب اختر اور جسٹس جمال خان مندوخیل پر مشتمل ہوگا، جہاں دیوانی، جائیداد، مخصوص کارکردگی، سروس اور دیگر نوعیت کے مقدمات کی سماعت ہوگی۔ بینچ نمبر تین جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس عرفان سعادت خان اور جسٹس عقیل احمد عباسی پر مشتمل ہوگا، جو دیوانی، فوجداری، سروس، توہین عدالت، کرایہ داری اور دیگر مقدمات کی سماعت کرے گا۔ 5 اگست کو بینچ نمبر ایک جسٹس منیب اختر اور جسٹس عقیل احمد عباسی پر مشتمل ہوگا، جو مختلف دیوانی، سروس، جائیداد اور مستقل حکم امتناع سے متعلق مقدمات کی سماعت کرے گا۔ بینچ نمبر دو جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس مسرت ہلالی پر مشتمل ہوگا۔
جہاں فوجداری، دیوانی، کرایہ داری، سروس اور ترقی سے متعلق مقدمات زیر سماعت آئیں گے ۔ بینچ نمبر تین میں صبح 9 بجے جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس عرفان سعادت خان جبکہ صبح 11 بجے کے بعد جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس عرفان سعادت خان اور جسٹس عقیل احمد عباسی پر مشتمل لارجر بینچ مختلف فوجداری، دیوانی اور سروس مقدمات کی سماعت کرے گا۔ 6 اگست کو بینچ نمبر ایک جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس عرفان سعادت خان پر مشتمل ہوگا جبکہ صبح 11 بجے کے بعد جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس عرفان سعادت خان اور جسٹس عقیل احمد عباسی پر مشتمل تین رکنی بینچ منشیات، فوجداری، بینکنگ، کارپوریٹ اور دیگر مقدمات کی سماعت کرے گا۔ 7 اگست کو بینچ نمبر ایک جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس عرفان سعادت خان پر مشتمل ہوگا جو مختلف سروس، کرایہ داری، دیوانی اور فوجداری مقدمات کی سماعت کرے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments