نجکاری اہداف اور ٹائم لائنز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے :وزیراعظم
پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ کے قیام کے حوالے سے لائحہ عمل جلد پیش کرنیکی ہدایت
اسلام آباد(نامہ نگار)سرکاری اداروں کی نجکاری کے عمل میں پیش رفت بارے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ نجکاری پروگرام کے تحت طے شدہ تمام اہداف اور ٹائم لائنز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے ،نجکاری کے مختلف مراحل کی بروقت تکمیل کیلئے متعلقہ وزارتیں اور ادارے باہمی رابطے سے کام کریں،زرعی ترقیاتی بینک کی نجکاری کا طریق کار اس انداز میں وضع کیا جائے کہ بینک کا بنیاد ی مقصد اور زرعی شعبے میں اس کا کردار برقرار رہے ۔یقینی بنایا جائے کہ نجکاری کے بعد بھی چھوٹے اور درمیانے درجے کے کسانوں کو زرعی قرضوں اور مالی وسائل کی فراہمی پر زرعی ترقیاتی بینک کی توجہ برقرار رہے۔
وزارتِ نجکاری نے وزیراعظم کو اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو)، فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی(فیسکو) اور گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی(گیپکو) کی نجکاری کے عمل پر بھی بریفنگ دی ۔ نجی سرمایہ کاری کے فروغ اور پائیدار معاشی ترقی سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی معاشی ترقی کیلئے نجی سرمایہ کاری کا فروغ ناگزیر ہے ۔ پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ معیشت میں سرمایہ کاری، کاروباری وسعت اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے ایک مؤثر محرک کا کردار ادا کر سکتے ہیں ۔ وزیراعظم نے ملک میں سرمایہ کاری اور چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ کیلئے پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ کے قیام کے حوالے سے لائحہ عمل جلد از جلد پیش کرنے کی ہدایت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments