نئے معاہدے میں ایران کو واضح پیغام دے دیا گیا:نجم سیٹھی
سعودیہ پر حملے کی صورت میں پاکستان اور ترکیہ کی ممکنہ مدد کی نوعیت طے کرلی گئی طے شدہ باتوں سے اسرائیل اور امریکا بھی آگاہ ہونگے : ’’آج کی بات سیٹھی کیساتھ‘‘
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)سینئر تجزیہ کار نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اس نوعیت کے معاہدے پر پہلے سے بات چیت جاری تھی۔ نئے معاہدے میں ترکیہ اور پاکستان کو شامل کیا گیا ہے ، جبکہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان پہلے سے موجود معاہدے کی اہمیت بھی برقرار ہے ۔دنیا نیوز کے پروگرام ‘‘آج کی بات سیٹھی کے ساتھ’’ میں گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ معاہدے کے تحت ترکیہ سعودی عرب کو جدید ڈرونز اور دیگر دفاعی سازوسامان فراہم کرے گا، جبکہ سعودی عرب ترکیہ سے ڈرون ٹیکنالوجی بھی حاصل کرے گا۔ پہلے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والے معاہدے میں یہ اصول طے کیا گیا تھا کہ کسی ایک ملک پر حملہ دونوں ممالک پر حملہ تصور ہوگا، تاہم اس کی تفصیلات سامنے نہیں لائی گئی تھیں۔ نئے معاہدے میں بھی ممکنہ حالات اور امداد کی نوعیت کی تمام تفصیلات ظاہر نہیں کی گئیں، تاہم ان کے خیال میں تینوں ممالک نے مختلف صورتحال میں ممکنہ ردعمل اور امداد کا طریقہ کار طے کرلیا ہے ۔
ان کے خیال میں پاکستان نے ایران کو بھی ان معاملات سے آگاہ کیا ہے تاکہ اسے معلوم ہو کہ کچھ سرخ لکیریں موجود ہیں جنہیں عبور نہیں کیا جانا چاہیے ۔ اگر بھارت پاکستان پر حملہ کرتا ہے تو سعودی عرب کس نوعیت کی امداد فراہم کرے گا، اس بارے میں بھی فی الحال کسی کو معلوم نہیں۔ تاہم بھارت کو اندازہ ہوگا کہ سعودی عرب کی کیا مجبوریاں ہیں اور ایران کو بھی پاکستان کی ممکنہ مجبوریوں کا علم ہوگا۔ معاہدے میں طے پانے والی باتوں سے اسرائیل اور امریکا بھی آگاہ ہونگے ۔ خلیجی ممالک میں سے مزید ملک بھی اس نوعیت کے تعاون میں شامل ہو سکتے ہیں۔ کویت بھی پاکستان کے ساتھ کسی معاہدے کا خواہاں ہے ، تاہم پاکستان اس نوعیت کا معاہدہ کویت کے ساتھ نہیں کرے گا۔ ان کے مطابق کویت، بحرین اور متحدہ عرب امارات اب بھی امریکی کیمپ میں ہیں جبکہ سعودی عرب نے اپنی آزادانہ دفاعی شراکت داریوں کا آغاز کر دیا ہے ۔ ایران اس معاہدے کا انتہائی غور سے جائزہ لے گا اور ممکنہ طور پر ایسے حالات پیدا نہیں کرنا چاہے گا جن سے یہ دفاعی معاہدہ فعال ہو جائے ۔ نئے دفاعی معاہدے کے ذریعے ایران کو واضح پیغام دیا گیا ہے کہ اگر مخصوص سرخ لکیریں عبور کی گئیں تو ممکنہ ردعمل کیا ہوگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments