قائمہ کمیٹی کا چترال منصوبوں میں تاخیر پر اظہارِ تشویش، رپورٹ طلب

قائمہ کمیٹی کا چترال منصوبوں میں تاخیر پر اظہارِ تشویش، رپورٹ طلب

لواری ٹنل، چکدرہ روڈ اور فائبر آپٹک منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت جاری

اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کا اجلاس سینیٹر دلاور خان کی زیر صدارت ہوا جس میں چترال میں سیاحت، سڑکوں، بجلی، ٹیلی مواصلات، گندم کی بین الصوبائی ترسیل، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل کا جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی نے پی ٹی ڈی سی کی کارکردگی، مالی صورتحال، سیاحتی سہولیات اور سرکاری عمارتوں کی حالت پر غور کرتے ہوئے متاثرہ سرکاری املاک کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔این ایچ اے حکام نے لواری ٹنل اور ملحقہ سڑکوں پر پیش رفت سے آگاہ کیا تاہم کمیٹی نے منصوبوں میں تاخیر، فنڈنگ اور حفاظتی انتظامات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بروقت تکمیل کی ہدایت کی۔ این ایچ اے نے کورین مالی امداد سے متعلق تفصیلات آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کی یقین دہانی کرائی۔کمیٹی نے چکدرہ روڈ منصوبے کی فزیبلٹی سٹڈی میں تاخیر پر بھی تشویش ظاہر کرتے ہوئے فوری عملدرآمد پر زور دیا۔ چترال میں ٹیلی مواصلات، فائبر آپٹک منصوبے ، بجلی کی فراہمی اور لوڈشیڈنگ پر بریفنگ کے بعد پاور ڈویژن اور پی ٹی اے حکام کو آئندہ اجلاس میں طلب کر لیا گیا جبکہ بلا تعطل موبائل سروسز یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔اجلاس میں پنجاب سے خیبر پختونخوا گندم کی ترسیل کے مسائل اور بین الصوبائی تجارت میں حائل رکاوٹوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی نے چیک پوسٹوں پر موصول شکایات کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے کرپشن میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی۔ پنجاب فوڈ ڈیپارٹمنٹ نے واضح کیا کہ گندم کی ترسیل پر کوئی پابندی نہیں جبکہ خیبر پختونخوا فوڈ ڈیپارٹمنٹ نے صوبے کی ضروریات اور دستیاب سپلائی سے آگاہ کیا۔اجلاس کے اختتام پر چیئرمین کمیٹی نے متعلقہ محکموں کو گزشتہ فیصلوں پر پیش رفت رپورٹس آئندہ اجلاس سے قبل جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے عوامی فلاحی منصوبوں کی بروقت تکمیل، شفافیت اور بین الصوبائی ہم آہنگی یقینی بنانے پر زور دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...