شوگر ملز نے 6 لاکھ 33 ہزار ٹن چینی برآمد کی اجازت مانگ لی
ملک میں 31 لاکھ ٹن چینی ذخائر موجود ، شوگر ملز ایسوسی ایشن کا وزیرِ فوڈ سکیورٹی کو خط آئندہ کرشنگ سیزن میں ملکی ضرورت سے زائد 80 لاکھ ٹن چینی پیدا ہونے کا امکان ہے
اسلام آباد (دنیا نیوز) پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن نے حکومت کو تیسرا خط لکھ کر سرپلس چینی کی فوری برآمد کی اجازت دینے کا مطالبہ کر دیا۔ایسوسی ایشن کی جانب سے وزیرِ فوڈ سکیورٹی کو لکھے گئے خط کے مطابق 31 جولائی 2026 تک ملک میں 31 لاکھ میٹرک ٹن چینی کے ذخائر موجود ہیں جبکہ چینی کی ملکی ماہانہ اوسط کھپت 5 لاکھ 64 ہزار 196 میٹرک ٹن ہے ۔خط میں کہا گیا ہے کہ اگلے کرشنگ سیزن کے آغاز پر بھی 11 لاکھ 97 ہزار میٹرک ٹن فالتو چینی کا بڑا ذخیرہ موجود ہوگا، جبکہ آئندہ کرشنگ سیزن میں گنے کی بمپر فصل متوقع ہے۔
شوگر ملز ایسوسی ایشن کے مطابق آئندہ سیزن میں ملکی ضرورت سے زائد 80 لاکھ میٹرک ٹن چینی پیدا ہونے کا امکان ہے جس کے باعث شوگر انڈسٹری کو چینی کے بڑے ذخائر رکھنے کے چیلنج کا سامنا ہوگا۔ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ فروخت نہ ہونے والے چینی کے ذخائر کے باعث شوگر ملوں کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے ۔خط میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ فوری طور پر 6 لاکھ 33 ہزار میٹرک ٹن سرپلس چینی برآمد کرنے کی اجازت دی جائے جبکہ باقی فالتو ذخیرہ بھی کرشنگ سیزن شروع ہونے کے ایک ماہ کے اندر برآمد کیا جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments