راولپنڈی : سکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ،جوابی کارروائی میں ملزم ہلاک
تعلق ایک سیاسی جماعت سے تھا :پولیس،واقعہ میں پی ٹی آئی ملوث:تارڑ محمد حسین خیبر کا رہائشی ،پارٹی عہدیدار نہیں :شفیع جان ، تحقیقات کرائی جائیں:پی ٹی آئی
راولپنڈی (دنیا نیوز،اے پی پی )راولپنڈی کے علاقے مال روڈ پر سکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ سے ایک اہلکار زخمی ہو گیا جبکہ جوابی کارروائی میں حملہ آور مارا گیا،وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ حملہ میں پی ٹی آئی ملوث ہے جبکہ سلمان اکرم راجہ نے حملہ آور سے لاتعلقی کا اظہارکرتے ہوئے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ۔تفصیلا ت کے مطابق گزشتہ صبح 11 بج کر 15 منٹ پر مال روڈ پر سکیورٹی اہلکاروں کی پٹرولنگ ٹیم پر فائرنگ کی گئی جس سے ایک اہلکار زخمی ہو گیا، جوابی فائرنگ سے حملہ آور موقع پر ہی ہلاک ہوگیا، ملزم کی شناخت ضلع خیبر کے رہائشی محمد حسین کے نام سے ہوئی ہے ، سکیورٹی ذرائع کے مطابق محمد حسین پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کی صوبائی قیادت سے مسلسل رابطے میں تھا،اس کے ضلع خیبر سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی غنی آفریدی اور اقبال آفریدی سے بھی قریبی روابط تھے ،ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد حسین جماعت کی قیادت سے مسلسل رابطے میں رہتے ہوئے ان کی ہدایات پر عمل کرتا تھا، احتجاجی دھرنوں کے دوران وہ پتھراؤ اور فائرنگ میں بھی ملوث رہا اور سکیورٹی فورسز کو اسلحہ کے ذریعہ نشانہ بناتا تھا۔
ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق حملہ آور کا تعلق ایک مخصوص سیاسی پارٹی سے ہے اس کے موبائل فون اور دیگر سامان سے مزید شواہد اور اس کے روابط سامنے آئے ہیں، جن کی بنیاد پر تحقیقات جاری ہیں، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے اس حوالے سے جاری اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ سکیورٹی اہلکار پر فائرنگ کرنے والا پاکستان تحریک انصاف کا کارکن تھا،اس سے پارٹی کا جھنڈا اور دیگر دستاویزات بھی برآمد ہوئی ہیں ،پی ٹی آئی ہر اہم موقع پر احتجاج کا اعلان کرکے ملک میں انارکی پھیلانا چاہتی ہے ،اُنہوں نے کہا کہ فائرنگ کے واقعے نے سب کی آنکھیں کھول دی ہیں اور یہ ثابت ہوچکا ہے کہ پی ٹی آئی کے ہر احتجاج کے پیچھے مذموم مقاصد کار فرما ہیں۔
ادھر پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے رہنما شفیع اللہ جان نے کہا ہے کہ راولپنڈی میں ہلاک ہونے والا شخص پی ٹی آئی کا کارکن تھا تاہم اس کے پاس پارٹی عہدہ نہیں تھا ،انہوں نے اہل کار پر فائرنگ کی مذمت کی، جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی سلمان اکرم راجا نے عطاتارڑ کے الزام کی تردیدکرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا کبھی کسی دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں رہا، راولپنڈی میں مارا جانے والا شخص کس گروہ کا تھا، اس کا کیا عمل تھا ہم نہیں جانتے ، پی ٹی آئی ایک پُرامن جماعت اور دہشت گردی کے خلاف ہے ،ہم آئین اورقانون کے اندراپنی جدوجہد کر رہے ہیں،بطور جماعت پی ٹی آئی کا اس واقعہ سے کوئی تعلق نہیں ،اس معاملے کی آزادانہ تحقیقات ہونی چاہئے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments