ڈاکٹروں کو رجسٹریشن سرٹیفکیٹس کی تجدیدکرانے کی ہدایت
تجدید کا عمل اتائی پن اورجعل سازی سے نمٹنے میں معاون ثابت ہوگا :پی ایم ڈی سی
اسلام آباد (نیوز رپورٹر) پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے میڈیکل اور ڈینٹل پریکٹیشنرز اور اسپیشلسٹس کو ہدایت کی ہے کہ وہ پی ایم ڈی سی قواعد و ضوابط کے مطابق اپنے رجسٹریشن سرٹیفکیٹس کی تجدید کرائیں۔ ڈاکٹروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنےرجسٹریشن سرٹیفکیٹس کی تجدید چھ ماہ کے اندر مکمل کریں تاکہ قانونی، پیشہ ورانہ، حفاظتی اور اخلاقی تقاضوں کی مسلسل پابندی یقینی بنائی جا سکے اور انہیں مستقبل میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ اقدام کا مقصد پروفیشنل رجسٹر کو اپ ڈیٹ اور درست رکھنا اور ڈاکٹروں کے ساتھ ساتھ عوام کے مفادات کا تحفظ کرنا ہے۔ایک موجودہ اور قابلِ تصدیق رجسٹر صحت کے نظام پر عوام کے اعتماد کو برقرار رکھنے کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔
پی ایم اینڈ ڈی سی نے یہ اقدام بنیادی طور پر ڈاکٹروں کے تحفظ، مریضوں کی حفاظت اور میڈیکل و ڈینٹل شعبے کی ساکھ اور سالمیت کو مضبوط بنانے کے لیے اٹھایا ہے ۔ لائسنس یافتہ اور رجسٹرڈ پریکٹیشنرز کا درست اور تازہ ترین ریکارڈ برقرار رکھنا ایک اہم قانونی و ریگولیٹری ذمہ داری ہے ، تاکہ صرف باقاعدہ طور پر رجسٹرڈ اور مجاز افراد ہی طبی اور ڈینٹل خدمات انجام دے سکیں، رجسٹریشن کی تجدید کا عمل اتائی پن (Quackery)، جعل سازی، رجسٹریشن سرٹیفکیٹس کے فراڈ پر مبنی استعمال اور غیر مجاز طبی پریکٹس سے متعلق خدشات سے نمٹنے میں بھی معاون ثابت ہوگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments