آزاد کشمیر الیکشن:23پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ ووٹنگ
ایل اے 15کے 9اور ایل اے 16کے 14پولنگ سٹیشنز پر15اگست کو ری پولنگ محسن ،فیصل راٹھور کے کامیابی کے دعوے ،ایل اے 17کے پولنگ بیگز مظفر آباد منتقل
مظفرآباد (دنیا نیوز) آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے باغ کے 2 انتخابی حلقوں ایل اے -15 باغ-2 اور ایل اے -16 باغ-3 کے 23 پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کرانے کا فیصلہ کیا ہے ، دونوں حلقوں میں پولنگ 15 اگست کو ہوگی، چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے بتایا کہ دوبارہ پولنگ کا فیصلہ متعلقہ ریٹرننگ افسروں کی جانب سے موصول ہونے والی رپورٹس کی روشنی میں کیا گیا ہے ، ایل اے -15 باغ-2 کے 9 جبکہ ایل اے -16 باغ-3 کے 14 پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ پولنگ ہوگی ایل اے 15میں پیپلزپارٹی کے ضیا ئالقمر اور ن لیگ کے مشتاق منہاس ،ایل اے 16میں ن لیگ کے میر اکبر اورپیپلزپارٹی کے امیدوارسردار قمر الزمان میں مقابلہ ہے ،چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر)مصطفی مغل نے دونوں حلقوں کے ووٹرز سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ کو اپنے متعلقہ پولنگ سٹیشنز پر پہنچ کر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں اور آئندہ پانچ سال کے لیے اپنے نمائندے کا انتخاب کریں۔
یاد رہے کہ حلقہ ایل اے -14 دھیرکوٹ، باغ غربی سے عوامی دست و بازو کے امیدوار سردار ساجد عباسی سردار عتیق کوہرا کر کامیاب ہوئے ہیں ،دوسری طرف ایل اے 17 حویلی کے حتمی نتائج تاحال جاری نہیں کئے گئے ،آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے حلقہ ایل اے 17 حویلی کے پولنگ بیگز ہنگامی بنیادوں پر مرکزی دفتر مظفرآباد منتقل کرا دئیے ہیں، نتائج جاری کرنے میں تاخیر پرسیاسی کشیدگی بڑھ گئی ہے ،فیصل ممتاز راٹھور اور محسن عزیر اپنی کامیابی کا دعوی کر رہے ہیں ،مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے انتخابی نتائج پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ جعلی نتائج تیار کرکے محسن عزیز کو ان کے جائز حق سے محروم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments