مریم نواز سے مقام امریکی سفیر کی ملاقات،اے آئی اور انرجی شعبوں میں تعاون پر اتفاق

مریم  نواز  سے  مقام  امریکی  سفیر  کی  ملاقات،اے  آئی  اور  انرجی  شعبوں  میں  تعاون  پر  اتفاق

پنجاب میں سیلاب و سموگ سے نمٹنے کیلئے امریکی ایکسپرٹ کی خدمات لی جائینگی ، تبادلہ خیال پنجاب و لاہورکے لوگ زندہ دل،محفوظ بسنت اور خواتین کیلئے پراجیکٹس پر خراج تحسین:نیٹلی بیکر

 لاہور (نیوزایجنسیاں ،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے قائم مقام امریکی سفیرنیٹلی بیکر نے ملاقات کی جن کا پرتپاک خیرمقدم کیا گیا۔ ملاقات میں پنجاب میں فروغ تعلیم، سکیورٹی اور سرمایہ کاری سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے وزیراعلیٰ مریم نواز کو خواتین کیلئے پراجیکٹس پر خراج تحسین پیش کیا۔ملاقات میں سکیورٹی،آرٹیفیشل انٹیلی جنس(اے آئی )، ڈیجیٹل اثاثوں اور انرجی جیسے شعبوں میں تعاون پر اتفاق کیا گیا۔اس موقع پر پنجاب میں سیلاب اور سموگ سے بچنے کیلئے امریکی ایکسپرٹ کی خدمات حاصل کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ لاہورمیں پنجاب یو ایس بزنس اینڈ انویسٹمنٹ فورم کے انعقاد کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے لاہور میں بسنت فیسٹیول کے انعقاد کو سراہتے ہوئے محفوظ بسنت کیلئے حکومت پنجاب کے اقدامات کو خراج تحسین پیش کیا اورکہا کہ پاکستان بہت پسند ہے ،بالخصوص پنجاب اور لاہورکے لوگ زندہ دل ہیں۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ آئندہ سال بسنت میلے کو مزید توسیع د ینگے ۔پنجاب میں خواتین کو با اختیار بنانے کیلئے قانونی اقدامات کر رہے ہیں۔پنجاب میں ترقی، ماحولیاتی تبدیلیوں کی پالیسی بنا رہے ہیں۔امریکا میں مقیم10 لاکھ پنجاب کے اوورسیز پاکستانی ملک کا قابل قدر اثاثہ ہیں۔مون سون میں پیشگی اقدامات اور ڈسٹرکٹ واساز کے قیام سے بارشی پانی کے جلد نکاس کو ممکن بنایا گیا۔ پنجاب بدل رہا ہے ، پنجاب کے شہر اور دیہات ری فارم ہو رہے ہیں۔پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ ہونے کی حیثیت سے و یمن ایمپاورمنٹ کو محض علامتی نہیں عملی شکل دی۔پنجاب میں خواتین کی آمدورفت میں آسانی کیلئے الیکٹرک سکوٹی اور الیکٹروبس سروس شروع کی گئی ہے ۔ خواتین کو مالی خود مختاری کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے سمال بزنس کیلئے بلاسود قرضے دیئے جا رہے ہیں۔

خواتین کے تحفظ کیلئے ڈائریکٹ پنک بٹن اور ورچوئل پولیس سٹیشن پہلا اقدام ہے ۔دریں اثنا وزیراعلیٰ مریم نواز نے بہاولپور سمیت پنجاب کے 30 ہزار ایکڑ پر شرمپ فارمنگ کا پلان تیار کرنے کی اصولی منظوری دے دی۔ایک اجلاس میں مظفرگڑھ میں کامیاب تجربات کے بعد سرگودھا میں بھی شرمپ فارمنگ کے جدید ٹیکنالوجی سے آغاز کا عمل تیز کرنے کی ہدایت بھی کی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں بنجر زمین شرمپ ایکسپورٹ کا مرکز بنے گی، پنجاب ویلیو چین قائم ہونے کے بعد شرمپ ایکسپورٹ میں لیڈ کرے گا، جس سے مقامی فوڈ انڈسٹری میں مقامی شرمپ کی امپورٹ پر صرف ہونے والا قیمتی زرمبادلہ بچے گا۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ شرمپ فارمنگ پروجیکٹ میں مرحلہ وار پرائیویٹ سیکٹر کو بھی شامل کیا جائے ۔اجلاس میں وزیراعلیٰ کو کاہنہ فش مارکیٹ پر بھی بریفنگ دی گئی۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے یوتھ کے عالمی دن پر نوجوانوں کو درپیش تمام مسائل حل کرنے اور ان کو تعلیم یافتہ و ہنر مند بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے نوجوانوں کو ملک سے محبت کرنے اور گالی گلوچ کی سیاست سے ہمیشہ دور رہنے کی تلقین کی اور جسمانی اور ذہنی صحت کے لیے نشے جیسی لعنت سے دور رہنے کی اپیل بھی کی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...