پاکستان بیلاروس کاتجارت، صنعت میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد (الماس حیدر نقوی) پاکستان اور بیلاروس نے تجارت، صنعت، زراعت، سائنس و ٹیکنالوجی، افرادی قوت اور میڈیا سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے ۔ 9ویں مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس کے اختتام پر اہم پروٹوکولز اور مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے ۔
پاکستان۔بیلاروس مشترکہ وزارتی کمیشن برائے تجارت و اقتصادی تعاون کا 9واں اجلاس 11 اور 12 اگست کو اسلام آباد میں ہواجس کی مشترکہ صدارت وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور بیلاروس کے وزیر توانائی ڈیانیس ماروز نے کی۔جام کمال خان نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات باہمی اعتماد، خودمختاری اور مشترکہ مفادات پر استوار ہیں۔ مشترکہ وزارتی کمیشن مختلف شعبوں میں شراکت داری بڑھانے کا مؤثر پلیٹ فارم ہے ، جبکہ بدلتے عالمی حالات میں نئی منڈیوں اور عملی تعاون کے مواقع تلاش کرنے کی ضرورت ہے ۔اجلاس میں تجارت کے نئے مواقع تلاش کرنے اور مسائل کے حل کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام کو سراہا گیا، جبکہ خدمات کے شعبے میں تجارتی معاہدے کے امکانات کا جائزہ لینے کے لیے فزیبلٹی سٹڈی گروپ بنانے پر اتفاق ہوا۔ صنعتی تعاون خصوصاً چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے درمیان روابط بڑھانے پر بھی زور دیا گیا۔پاکستان نے باقاعدہ طریقہ کار کے تحت پاکستانی افرادی قوت بیلاروس بھیجنے میں سہولت فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
زراعت میں سمندری خوراک، پھلوں، سبزیوں، بیجوں اور ڈیری مصنوعات کے شعبوں میں کاروباری روابط بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں معیار، ٹیسٹنگ اور مطابقت جانچنے کے طریقہ کار کو باہمی طور پر تسلیم کرنے کے معاہدے کی تیاری پر کام شروع کرنے کی تجویز دی گئی۔ پانی کے تحفظ، ٹھوس فضلے اور گندے پانی کی صفائی کی ٹیکنالوجیز میں تعاون کے امکانات بھی زیرغور آئے ۔اجلاس کے اختتام پر دونوں ممالک نے متفقہ پروٹوکول پر دستخط کیے ۔ بیلاروس کی نیشنل اسٹیٹ ٹیلی ویژن اینڈ ریڈیو کمپنی اور پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن کے درمیان نشریاتی تعاون، مواد کے تبادلے اور پیشہ ورانہ روابط کے لیے مفاہمتی یادداشت بھی طے پا گئی۔بیلاروس کے وزیر توانائی دزیانس ماروز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مشترکہ وزارتی کمیشن دونوں ممالک کے اعلیٰ سطحی روابط کو مزید آگے بڑھانے کے لیے اہم بنیاد فراہم کرے گا۔
پاکستان اور بیلاروس کی قیادت کے درمیان روابط انتہائی دوستانہ اور اعلیٰ سطح پر قائم ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی دوروں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کیا ہے ۔ لیبر اور افرادی قوت کے شعبے میں ہونے والی پیش رفت دونوں ممالک کی منظم اور مسلسل کوششوں کا نتیجہ ہے ، زراعت کے شعبے میں مشترکہ تعاون سے بھی مثبت اور عملی نتائج حاصل ہونے کی توقع ہے ۔ علاوہ ازیں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے بھی بیلاروس کے وزیر توانائی نے ملاقات کی جس میں اقتصادی تعاون مزید مضبوط کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا،وزیر خزانہ نے کہا کہ اقتصادی روابط کو فروغ دینے کے لیے مشاورت کا عمل مزید وسیع کیا جانا چاہیے ۔ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار سے بیلاروس کے وزیر توانائی ڈینس ماروز نے ملاقات کی جس میں نے دوطرفہ تعلقات کے مثبت فروغ پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments