راولپنڈی ،اسلام آباد میں موسلادھار بارش،خاتون ڈوب گئی
نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہونے پر علاقہ مکینوں نے گھروں کی چھتوں پر پناہ لی نالہ بئیں میں سیلابی صورتحال ،فصلیں تباہ،بارشوں کے نئے سپیل کا الرٹ جاری
لاہور ،راولپنڈی، چک امرو (خبر نگار،نامہ نگار،اے پی پی)راولپنڈی اسلام آباد میں موسلادھار بارش کے بعد ندی نالے بپھر گئے ۔ نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہونے پر اطراف کی آبادی کو انخلا کی ہدایات جاری کی گئیں ۔ نشیبی علاقوں میں پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہوگیا، بارش کا سلسلہ رکنے کے بعد نالہ لئی میں پانی کی سطح میں کمی آنا شروع ہوگئی۔ ہولی فیملی ہسپتال کی او پی ڈی میں بھی بارش کا پانی داخل ہوا، ریسکیو حکام کے مطابق نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے فیز ون کے قریب دریائے سواں میں ایک خاتون کے ڈوبنے کی اطلاع موصول ہوئی، ریسکیو آپریشن کے بعد خاتون کی لاش برآمد کرلی گئی ۔ پانی کی سطح بلند ہونے پر علاقہ مکینوں نے گھروں کی چھتوں پر پناہ لے لی، ریسکیو 1122 اور واسا کی ٹیمیں ہائی الرٹ رہیں، جبکہ بارش تھمنے کے بعد نالہ لئی میں پانی کی سطح معمول پر آگئی اور نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کا آپریشن جاری رہا۔ دوسری جانب مقبوضہ جموں اور بالائی علاقوں میں ہونے والی تیز بارشوں کے باعث شکر گڑھ کے نالہ بئیں میں سیلابی صورتحال ہے ، درجن بھر سے زائد دیہات میں فصلیں ڈوب گئیں ۔30 سے زائد دیہات کا زمینی رابطہ متاثر ہوا، ریسکیو 1122 کی کشتیاں اور اہلکار امدادی کارروائیوں میں مصروف رہے ۔ دریں اثنا پی ڈی ایم اے نے صوبہ بھر میں مون سون بارشوں کے پانچویں سپیل کا الرٹ جاری کردیا،15 اگست تک بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی ہے ۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق شمال مشرقی پنجاب کے اضلاع سیالکوٹ، نارووال، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیر آباد، لاہور، قصور، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب ، سرگودھا، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خوشاب، لیہ، بھکر، نورپور تھل، ساہیوال، پاکپتن، بہاولنگر، بہاولپور اور ڈی جی خان میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے ۔ اس دوران لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان میں اربن فلڈنگ کا امکان ہے جبکہ مری گلیات اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے ۔ اس حوالے سے محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو سٹاک کو بھی الرٹ جاری کر دیاگیا ہے ۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب ،جہلم، راوی اور ستلج میں پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے جبکہ ڈیرہ غازی خان کی رودکوہیوں میں پانی کا بہاؤ بھی نارمل ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments