عبداللہ طاہر قتل:ڈرائیور کا معلومات ٹک ٹاکر کو دینے کا انکشاف
پولیس کی ڈرائیور اصغر ، خاتون ٹک ٹاکر سے تفتیش ،5 سہولت کار زیرحراست مرکزی شوٹرز ، ساتھی تاحال مفرور، گرفتاری کیلئے پولیس ٹیم وزیرستان موجود
لاہور (کرائم رپورٹر)پی ٹی آئی رہنما عبداللہ طاہر کے قتل کیس کی تفتیش میں مزید انکشافات سامنے آئے ہیں۔ پولیس نے عبداللہ طاہر کے ڈرائیور اصغر کو حراست میں لے کر اسکا موبائل فون بھی قبضے میں لے لیا۔تفتیشی ذرائع کے مطابق دوران تفتیش ڈرائیور اصغر نے انکشاف کیا کہ اس نے عبداللہ طاہر کی لوکیشن اور نقل و حرکت سے متعلق تمام معلومات خاتون ٹک ٹاکر کو فراہم کیں۔ پولیس نے ڈرائیور اصغر اور خاتون ٹک ٹاکر سے تفتیش بھی کی۔ پولیس نے موقع پر ریکی کرنے والے ملزم اور گاڑی کرائے پر دلوانے والے ملزموں کو بھی حراست میں لے لیا۔ذرائع کے مطابق قتل میں سہولت کاری کا کردار ادا کرنے والے خواتین سمیت 5 ملزم حراست میں ہیں، جبکہ مرکزی شوٹر اور اسکے دو ساتھی تاحال مفرور ہیں۔علاوہ ازیں قتل میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل مرکزی ملزم زمان عرف کگی بٹ کے بھائی شہزاد بٹ کے نام پر رجسٹرڈ تھی۔ شہزاد بٹ اس وقت بیرون ملک ہے ۔ واردات میں استعمال گاڑی اور موٹر سائیکل سی سی ڈی ماڈل ٹاؤن پولیس کے قبضے میں ہیں۔ذرائع کے مطابق ملزموں کی آخری لوکیشن وزیرستان کے علاقے گرباز سے موصول ہوئی، جسکے بعد انکی گرفتاری کیلئے سی سی ڈی ٹیم تاحال وزیرستان موجود ہے ۔ شوٹرز اور انہیں لاہور لانے والے ملزم ارسلان کی گرفتاری کیلئے پولیس کی کوششیں جاری ہیں۔شوٹرز سمیت کیس میں ملوث تمام کرداروں کی شناخت ہوچکی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments