قائم علی شاہ کی بیٹی ڈاکٹر نگہت ریٹائرمنٹ سے ایک روز قبل 3 برس کیلئے پروفیسر مقرر
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک ) سابق وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کی بیٹی ڈاکٹر نگہت شاہ پر سندھ حکومت نے مہربانی کرتے ہوئے ان کو ریٹائرمنٹ سے ایک روز قبل 3 سال کی ملازمت میں توسیع دے دی۔
ڈاکٹر نگہت شاہ کی مدت ملازمت میں توسیع کے لیے برسوں کا وسیع تر تجربہ رکھنے کے باوجود 5 ایسوسی ایٹ پروفیسر کو نظر انداز کیا گیا ،محکمہ یونیورسٹیز اینڈ بورڈز نے جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو فوری کارروائی کی ہدایت کر دی ، اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ وسیع تر عوامی مفاد میں کیا گیا ہے ، اس پر بلا تاخیر فوری عمل کیا جائے ۔ڈاکٹر نگہت شاہ بطور ایسوسی ایٹ پروفیسر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں تعینات ہوئی تھیں ا ور کم ترین عرصے میں ترقی پاگئیں، ان کو اب دوبارہ جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں پروفیسر مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔سندھ کابینہ نے ڈاکٹر نگہت شاہ کی تین سالہ تقرری میں توسیع کی منظوری دے دی ہے ، نگہت شاہ 12 اگست کو 60 سال کی عمر میں ریٹائر ہونے والی تھیں ۔ڈاکٹر نگہت کی دوبارہ تقرری پی ایم ڈی سی کے 19 مئی کے نوٹیفکیشن کے تحت کی جائے گی، پی ایم ڈی سی نے ریٹائرڈ فیکلٹی کو 65 سال تک کنٹریکٹ پر رکھنے کی اجازت دی تھی، تاہم ریٹائرڈ فیکلٹی کی دوبارہ تقرری سے جونیئر اساتذہ کی ترقی متاثر نہ ہونے کی پی ایم ڈی سی کی واضح ہدایت موجود ہے ۔ادھر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ڈاکٹر نگہت شاہ کی تعیناتی خالصتاً کنٹریکٹ کی بنیاد پر کی گئی، جو پی ایم ڈی سی کے ضوابط کے عین مطابق ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments