کشمیر اسمبلی ارکان کااگلے ہفتے حلف، وزیراعظم،سپیکر کا انتخاب
3خواتین ،3مخصوص نشستیں ملیں گی،ن لیگ کی سیٹیں30:طارق چودھری
اسلام آباد،مظفرآباد(مانیٹرنگ ڈیسک،آئی این پی ،نمائندہ دنیا)وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چو دھر ی نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں انتخابات کے تینوں مراحل مکمل ہوچکے ہیں، مسلم لیگ (ن) کو واضح برتری حاصل ہوئی ۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ تیسرے مرحلے کے اختتام پر مسلم لیگ (ن)24 نشستیں حاصل کر چکی ہے ، فارمولے کے تحت 3 خواتین اور 3 دیگر مخصوص نشستیں بھی ن لیگ کو ملیں گی جن میں اوورسیز، ٹیکنوکریٹ اور علما و مشائخ کی سیٹیں شامل ہیں، مخصوص نشستوں کے بعد ن لیگ کی کل نشستوں کی تعداد 30 ہو جائے گی، اگلے ہفتے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس بلایا جائے گا، ارکان کا حلف اور مخصوص نشستوں پر الیکشن ہوگا، اگلے ہفتے ہی سپیکر اور وزیراعظم آزاد کشمیر کا انتخاب بھی مکمل کر لیا جائے گا۔
آزاد کشمیر میں مستحکم اور مضبوط حکومت قائم ہونے جارہی ہے ، موجودہ حالات میں مضبوط حکومت کا قیام ضروری ہے ۔ آزاد کشمیر میں مجموعی طور پر انتخابات شفاف ہوئے ۔ادھرآزاد کشمیر کے عام انتخابات کے تیسرے مرحلے میں حلقہ ایل اے 17 حویلی سے پیپلزپارٹی کے امیدوار فیصل راٹھور کامیاب ہوگئے ۔الیکشن کمیشن نے انکی کامیابی کا باضابطہ فارم 27 کے ساتھ سرکاری نتیجہ جاری کر دیا۔ فیصل راٹھور نے مدمقابل امیدواروں کے مقابلے میں 33872 ووٹ لئے ۔مسلم لیگ (ن)کے محسن عزیز کو 32353 ووٹ ملے جبکہ خواجہ طارق سعید نے 12338 حاصل کئے ۔حویلی میں کامیابی پرپیپلز پارٹی کے کارکنوں اور حامیوں نے جشن منایا اور بھنگڑے ڈالے ،ابتک نتائج کے مطابق 53 کے ایوان میں مسلم لیگ (ن)کو 24 جبکہ پیپلزپارٹی کو 11 نشتیں مل چکی ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments