حکومت ، ٹرانسپورٹرز میں ڈیڈ لاک برقرار ،ہڑتال جاری

 حکومت ، ٹرانسپورٹرز میں ڈیڈ لاک برقرار ،ہڑتال جاری

کراچی سے خیبر تک گڈزگاڑیاں اڈوں پر کھڑی، مال برداری کا نظام متاثر مطالبات تسلیم ہونے تک ہڑتال ختم کرنیکا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا:ٹرانسپورٹرز

لاہور (سٹاف رپورٹر سے )ملک بھر میں مال بردار گاڑیوں کا پہیہ بدستور جام ہے ، ٹرانسپورٹرز اپنے مطالبات پر ڈٹ گئے ، ہڑتال پانچویں روز میں داخل ہوگئی۔کراچی سے خیبر تک گڈز ٹرانسپورٹ اور منی مزدوں کی بڑی تعداد اڈوں پر کھڑی ہے ، مال برداری  کا نظام متاثر ہو رہا ہے ۔ حکومت اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان مذاکرات کے دو دور ہو چکے ہیں، تاہم کسی حتمی پیشرفت کے بغیر بات چیت ختم ہوگئی اور فریقین میں ڈیڈ لاک برقرار ہے ۔مرکزی صدر منی مزدا ایسوسی ایشن حاجی شیر علی نے کہا ہے کہ جب تک حکومت مطالبات تسلیم نہیں کرتی، ہڑتال ختم کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ ٹرانسپورٹرز کا مؤقف ہے کہ مطالبات پر پیشرفت نہ ہوئی تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جا سکتا ہے ۔ گاڑیوں کی مسلسل بندش پرٹرانسپورٹرز نے مارکیٹوں میں اشیائے ضروریہ کی قلت کا خدشہ ظاہر کرتے کہاکہ کہ ہڑتال طویل ہوتی ہے تو بنیادی ضروریات کی ترسیل متاثر ہونے سے اشیا مہنگے داموں فروخت ہونے کا امکان ہے ۔

دوسری طرف پاکستان ہوزری مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے خبردار کیا ہے کہ اشیاکی نقل و حمل میں مسلسل تعطل پربرآمد کنندگان کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور برآمدی سپلائی چین بھی سنگین خطرات سے دوچار ہو رہی ہے ۔کراچی میں پی ایچ ایم اے ساؤتھ کے چیئرمین فیصل ارشد شیخ نے کہا کہ برآمدی کھیپ کی روانگی مقررہ بحری جہازوں کے شیڈول، ٹرمینلز کے مقررہ کٹ آف اوقات اور بین الاقوامی خریداروں کے ساتھ طے شدہ سخت ترسیلی وعدوں سے منسلک ہوتی ہے ۔ نقل و حمل میں کسی بھی قسم کا تعطل نا صرف بھاری مالی نقصان کا سبب بن سکتا ہے بلکہ عالمی منڈی میں پاکستان کی برآمدی مسابقت کو بھی متاثر کر سکتا ہے ۔تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز ٹرانسپورٹ شعبے کے مسائل کو مذاکرات سے فوری پر حل کریں جبکہ سوات کے کسان رہنما امان روم با چا نے بتایا کہ گڈز ٹرانسپورٹ کی ہڑتال سے ملک بھر میں آڑو اور دیگر سبزیوں کی سپلائی تقریباً رک چکی ہے ،صورتحال برقرار رہی تو سوات کے کسانوں کو دو ارب تک کا نقصان برداشت کرنا پڑ سکتا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...