برف پگھل رہی ،عمران کو ریلیف ملنے کا امکان :نجم سیٹھی

برف پگھل رہی ،عمران کو ریلیف ملنے کا امکان :نجم سیٹھی

28ویں ترمیم کی منظوری کیلئے پی ٹی آئی کو بھی شامل کرنے کی کوشش ہوگی زرداری پیچھے ہٹے ، معاملات طے کر لئے ہونگے :’’آج کی بات سیٹھی کیساتھ ‘‘

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سینئر تجزیہ کار نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ صدر آصف علی زرداری کی پرانی سیاسی حکمت عملی ہے کہ وہ پہلے سخت مؤقف اختیار کرتے ہیں اور آخر میں کوئی نہ کوئی رعایت لے کر معاملہ ختم کردیتے ہیں۔ دنیا نیوز کے پروگرام ’’آج کی بات سیٹھی کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا میں پہلے دن سے کہہ رہا تھا کہ صدر زرداری ججز کی تعیناتی کی سمری پر دستخط کردیں گے ، اس میں کوئی مسئلہ نہیں، تاہم پیپلز پارٹی اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان جو معاملات ہیں وہ بدستور موجود ہیں۔ اس حوالے سے کیا بات ہوئی اور کیا نہیں ہوئی، اس کا علم  نہیں، تاہم حقیقت یہ ہے کہ صدر زرداری ایک قدم پیچھے ہٹے ہیں، لگتا ہے معاملات طے کر لیے گئے ہوں گے ۔ زرداری صاحب آخری وقت تک سیاسی کھیل کھیلتے ہیں، اب دیکھنا یہ ہے کہ 28ویں ترمیم کب آتی ہے ، باقی چھوٹی موٹی باتیں چلتی رہیں گی۔ میرا خیال ہے آئندہ اسٹیبلشمنٹ کی کوشش ہوگی کہ آنے والی ترمیم میں تحریک انصاف کو بھی شامل کیا جائے ۔ اہم بات یہ ہے کہ پی ٹی آئی بھی نئے صوبے بنانے کی حامی ہے ، تاہم پارٹی اپنی طرف سے اس کا اعلان نہیں کرسکتی، اس کے لیے عمران خان سے اجازت لینا ہوگی۔ ظاہر ہے عمران خان کسی ڈیل کے بغیر اجازت نہیں دیں گے ۔

میرا خیال ہے کہ پی ٹی آئی چاہتی ہے کہ کوئی پیش رفت ہو اور بات آگے بڑھے ۔ اب عمران خان سے سہیل آفریدی کی ملاقات ہوجائے گی، اس کے لیے کچھ عرصے سے کام ہو رہا تھا۔ ملاقات کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ سہیل آفریدی نے لانگ مارچ کی تاریخ 27 ستمبر دی ہے تاکہ ہونے والے معاہدے پر عملدرآمد ہوسکے ۔ عمران خان کی درخواست سماعت کے لیے مقرر ہوگئی ہے اور سپریم کورٹ نے بینچ بھی تشکیل دے دیا ہے ۔ ممکن ہے چند دنوں میں سہیل آفریدی کی ملاقات ہوجائے ۔ آفریدی پیغام لے کر جائیں گے ، میرا خیال ہے عمران خان کو پہلے ہی آگاہ کردیا گیا ہے ۔ اصل معاملہ یہی ہے ، اس پر لین دین ہونا ہے کہ یہ کس طریقے سے ہوسکتا ہے ۔ مجھے لگ رہا ہے کہ برف پگھل رہی ہے کیونکہ اس وقت حکومت کی ضرورت ہے کہ ترمیم منظور ہو۔ پی ٹی آئی کو کیا ملے گا؟ ظاہر ہے اس میں عمران خان کو کچھ نہ کچھ ریلیف ملے گا۔ ممکن ہے ریلیف مرحلہ وار ہو، جس کے لیے ماحول بنایا جا رہا ہے ۔ علاج کے لیے ہسپتال منتقل کرنا یا بنی گالا منتقل کرنا جیسی چیزیں ہوسکتی ہیں۔ اگلے ہفتے تک کچھ معاملات آگے بڑھتے نظر آئیں گے ۔ میرا اپنا تجزیہ ہے کہ کچھ لوگ عمران خان کے ساتھ رابطے میں ہیں اور وہ لوگ بشریٰ بی بی کے ذریعے رابطہ کر رہے ہیں کیونکہ بشریٰ بی بی کی عمران خان سے ملاقاتیں ہورہی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...