پی ایس 30خیرپور:ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹس

پی ایس 30خیرپور:ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹس

ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے مقامی حکومت کے 6عہدے داروں کو جاری کئے حلقے میں انتخابی مہم کا وقت ختم، تمام سرگرمیوں پر پابندی عائد ، پولنگ کل ہوگی

کراچی (سٹاف رپورٹر) پی ایس 30 خیرپور-V کے ضمنی انتخاب میں الیکشن کمیشن کی مانیٹرنگ جاری ہے ، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر کارروائیاں تیز کردی گئیں۔ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے انتخابی مہم میں شرکت پر مزید مقامی حکومت کے 6 عہدیداروں کو نوٹس جاری کردیے ، جن میں چیئرمین میونسپل کمیٹی گمبٹ لطیف شیخ، چیئرمین ٹاؤن کمیٹی اگرا نبی بخش سیال، چیئرمین یونین کونسل درازا نذرالحق فاروقی، چیئرمین ٹاؤن کمیٹی کھڑا سید صدا حسین شاہ، وائس چیئرمین یونین کونسل سگیوں لیاقت علی قریشی اور وائس چیئرمین یونین کونسل منور آباد عبدالرؤف آرائیں شامل ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق مانیٹرنگ ٹیموں کی رپورٹس اور دستیاب شواہد کی بنیاد پر مذکورہ عہدیداروں کو انتخابی مہم میں شرکت پر نوٹس جاری کیے گئے ۔ تمام  عہدیداروں پر پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے امیدوار اسفند یار کھرل کے حق میں انتخابی سرگرمی میں شرکت کا الزام ہے ۔ الیکشن کمیشن کے مطابق ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔ علاوہ ازیں پی ایس 30 خیرپور-V کے ضمنی انتخاب کے سلسلے میں انتخابی مہم کا مقررہ وقت ختم ہوگیا، رات 12 بجے کے بعد حلقے میں تمام انتخابی سرگرمیوں پر پابندی عائد کردی گئی۔ صوبائی الیکشن کمشنر سندھ کے اعلامیے کے مطابق الیکشنز ایکٹ 2017 کے تحت پولنگ سے 48 گھنٹے قبل تمام انتخابی سرگرمیاں ختم کرنا لازم ہے ۔ رات 12 بجے کے بعد متعلقہ حلقے میں کسی جلسے ، جلوس، کارنر میٹنگ یا اس نوعیت کی کسی بھی سیاسی سرگرمی کا انعقاد ممنوع ہوگا۔ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ صوبائی الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں اور امیدوار انتخابی مہم کے اختتامی وقت کا مکمل خیال رکھیں اور انتخابی ضابطہ اخلاق کی پابندی یقینی بنائیں۔ضمنی انتخابی عمل کو شفاف، منصفانہ اور پرامن ماحول میں مکمل کرنے کے لیے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد ضروری ہے ۔ مذکورہ حلقے میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کل بروز اتوار صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک ہوگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...