راولپنڈی : بارش سے نشیبی علاقے زیرآب، نالہ لئی میں طغیانی
کٹاریاں میں پانی 20 فٹ تک پہنچ گیا، قریبی آبادیوں کو علاقہ خالی کرنے کی ہدایت لاہور،گوجرانوالہ ، دیگر علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ،دریاؤں کی صورتحال نارمل
راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور ( خبر نگار،نیوز رپورٹر، اے پی پی)ملک کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیرآب ، راولپنڈی میں نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہونے سے قریبی آبادیوں میں پانی داخل ہوگیا، کٹاریاں کے مقام پر نالہ لئی میں پانی کی سطح 20 فٹ جبکہ گوالمنڈی میں 16 فٹ تک پہنچ گئی جس کے بعد واسا نے رین ایمرجنسی نافذ کردی۔ نالہ لئی کے اطراف خطرے کے سائرن بجا کر شہریوں کو علاقے خالی کرنے کی ہدایت کی گئی۔ اتوار اور پیر کی درمیانی شب جڑواں شہروں میں شروع موسلادھار بارش پیر کی صبح تک جاری رہی، راولپنڈی کے بیشتر نشیبی علاقے زیرآب آگئے ۔ پیرودھائی ، ڈھوک کھبہ، صادق آباد، جاوید کالونی اور آریہ محلہ میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔ محلہ صفدرآباد میں شہریوں کا قیمتی سامان پانی کی نذر ہوگیا۔چکلالہ افضال ٹاؤن میں پانی گھروں میں داخل ہونے سے 5 افراد محصور ہوگئے جنہیں ریسکیو ٹیموں نے بحفاظت نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کردیا، پیرودھائی میں بھی محصور 4 افراد کو ریسکیو کرلیا گیا۔
دریں اثناء نالہ لئی کے اطراف خطرے کے سائرن بجائے گئے اور کناروں پر آباد شہریوں کو علاقہ خالی کرنے کی ہدایت کی گئی۔ سائرن سسٹم خراب ہونے کے باعث قریبی آبادیوں کو بروقت خطرے سے آگاہ نہ کرنے کی شکایت سامنے آئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش اسلام آباد گولڑہ میں 146، راولپنڈی میں 140، منگلا میں 88، گجرات میں 38ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور، مری، گجرات سمیت مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کی ہے ، راولپنڈی میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے پانچ روز تک جاری رہنے جبکہ مون سون کا چھٹا سپیل 21 اگست تک جاری رہنے کی توقع ہے ۔ 20 اگست تک لاہور، گوجرانوالہ، مردان، پشاور اور دیگر علاقوں میں اربن فلڈنگ، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے ۔ پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ پنجاب کے دریاؤں چناب ،جہلم، راوی اور ستلج میں پانی کا بہاؤ نارمل جبکہ دریائے سندھ میں کالاباغ، تونسہ اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے ، تربیلا ڈیم 100 فیصد اور منگلا ڈیم 68 فیصد بھر چکا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments