بابر سواتی کی ایازصادق ،گیلانی سے ملاقات، پارلیمانی تعاون پر اتفاق
اسلام آباد(اپنے رپورٹرسے ،نامہ نگار)سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اور سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات کی ، جس میں پارلیمانی تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
چیئرمین سینیٹ نے پارلیمان اور صوبائی اسمبلیوں کے درمیان مؤثر اور مضبوط رابطہ کاری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قومی و صوبائی نوعیت کے مسائل کو بات چیت، باہمی مشاورت اور اتفاقِ رائے کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی استحکام، جمہوری تسلسل اور آئینی اصولوں کا احترام وفاق کو مضبوط بنانے اور ملک بھر میں متوازن ترقی یقینی بنانے کے لیے ناگزیر ہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی نے پارلیمانی اداروں کے درمیان باہمی رابطوں اور تجربات کے تبادلے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مضبوط پارلیمانی ادارے ہی جمہوریت کے استحکام کی ضمانت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام قانون ساز اداروں کے درمیان باہمی مشاورت اور تجربات کا تبادلہ ضروری ہے ۔ بعد ازاں سردار ایاز صادق سے سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی عمران ندیم نے بھی ملاقات کی ۔علاوہ ازیں سابق وزیرِ مملکت پیر محمد امین الحسنات شاہ نے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی سیاسی، سماجی اور مذہبی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments