21سابق کپتانوں کی عمران خان کے علاج کیلئے اپیل
وزیراعظم شہباز شریف کو دوسراخط لکھ دیا،تین مطالبا ت بھی پیش کردئیے میڈیکل بورڈ کو مکمل معائنہ کی اجازت، ہفتہ وار ملاقاتیں یقینی بنانے کا مطالبہ
لاہور(سپورٹس ڈیسک)دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے 21 سابق بین الاقوامی کرکٹ کپتانوں نے ایک بار پھر وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ کر سابق پاکستانی کپتان اور وزیراعظم عمران خان کو طبی سہولیات کی فراہمی کی اپیل کی ہے ۔ سابق کپتانوں کی جانب سے گزشتہ چھ ماہ کے دوران وزیراعظم کو یہ دوسری اپیل ہے ۔خط میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے عمران خان کو طبی معائنے کیلئے ہسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا، جہاں ان کا معائنہ ایسے میڈیکل بورڈ نے کرنا تھا جس میں ان کے ذاتی معالجین اور بہن ڈاکٹر عظمیٰ خان بھی شامل ہوں۔ عدالت نے ہفتہ وار اہل خانہ سے ملاقاتیں بھی بحال کرنے کا حکم دیا تھا۔سابق کپتانوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا ہسپتال میں قیام صرف چند گھنٹوں تک محدود رہا۔ ان کا معائنہ عدالت کی ہدایت کے مطابق تشکیل دئیے گئے میڈیکل بورڈ کے بجائے حکومت کی جانب سے مقرر کردہ ٹیم نے کیا جس نے انہیں طبی طور پر صحت مند قرار دے کر عدالتی میڈیکل بورڈ کی کارروائی مکمل ہونے سے قبل دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کردیا۔
خط میں سابق کپتانوں نے تین مطالبات پیش کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر تشکیل دئیے گئے میڈیکل بورڈ، جس میں عمران خان کے ذاتی ڈاکٹرز بھی شامل ہیں، کو ان کی صحت کا مکمل اور آزادانہ معائنہ کرنے کی اجازت دی جائے بالخصوص دائیں آنکھ کی مبینہ متاثرہ بینائی کا جائزہ لیا جائے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے بحال کی گئی اہل خانہ سے ہفتہ وار ملاقاتیں بلا تعطل اور انتظامی تاخیر کے بغیر یقینی بنائی جائیں۔ طبی معائنے کے نتائج کچھ بھی ہوں، اس میں تجویز کردہ علاج بھی فوری طور پر فراہم کیا جائے ۔سابق کپتانوں نے کہا کہ وہ یہ خط سیاست دانوں کی حیثیت سے نہیں بلکہ سابق ساتھیوں اور حریفوں کی حیثیت سے لکھ رہے ہیں، جن کے درمیان کرکٹ کے میدان میں تعلق قائم ہوا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کا مقصد پاکستان کے داخلی قانونی معاملات میں فیصلہ دینا نہیں۔خط پر دستخط کرنے والوں میں گریگ چیپل، ایان چیپل، ایلن بارڈر، سنیل گواسکر، ڈیوڈ گاور، کلائیو لائیڈ، ارجونا راناتنگا، اسٹیو وا اور جان رائٹ سمیت 21 سابق کپتان شامل ہیں۔رواں سال فروری میں بھی 14 سابق بین الاقوامی کپتانوں نے عمران خان کی صحت کے حوالے سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم کو خط لکھا تھا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments