انسانی استحصال کا خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ،مرادعلی شاہ
سندھ حکومت صوبے میں جبری مشقت کے مکمل خاتمے کے لیے کوشاں انسانی آزادی اور وقار پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا، وزیراعلیٰ سندھ
کراچی(این این آئی)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بین الاقوامی یومِ انسدادِ غلامی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ انسانی تاریخ میں غلامی اور انسانوں کا استحصال سب سے بڑی زیادتی رہا ہے ، جبکہ انسانی آزادی اور وقار پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ بین الاقوامی یومِ انسدادِ غلامی ہمیں یاد دلاتا ہے کہ دنیا بھر سے ہر قسم کی غلامی، جبر اور معاشی استحصال کا خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ جدید دور میں غلامی کی کئی پوشیدہ شکلیں موجود ہیں، جن میں انسانی اسمگلنگ اور جبری مشقت بھی شامل ہیں، جن کے خلاف اجتماعی طور پر مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت صوبے میں جبری مشقت کے مکمل خاتمے کے لیے کوشاں ہے اور مزدوروں سمیت معاشرے کے کمزور طبقات کے حقوق کا تحفظ ہماری اولین آئینی اور اخلاقی ذمہ داری ہے ۔ حکومت اس حوالے سے موثر اقدامات اور قانون پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ معاشرے سے رنگ، نسل اور طبقے کی بنیاد پر تفریق ختم کیے بغیر حقیقی ترقی ممکن نہیں۔ ایک ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہوگا جہاں ہر انسان کو آزادی، عزت اور مساوی حقوق حاصل ہوں۔وزیراعلیٰ سندھ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ انسانی وقار، آزادی اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے اور جدید دور کی پوشیدہ غلامی، انسانی اسمگلنگ، جبری مشقت اور ہر قسم کے استحصال کے خلاف مشترکہ جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments