لیسکو سے 60ارب کے معاوضہ وصولی پر حکم امتناع
1976 میں 45 کنال پرگرڈ سٹیشن بنا،لیسکو نے ملکیت متنازعہ قراردی معاوضے کا حق دار قرار دیاگیا شخص ذاتی حیثیت میں لاہور ہائیکورٹ طلب
لاہور (محمد اشفاق)لاہور ہائیکورٹ نے لیسکو سے 60 ارب روپے کے معاوضے کی وصولی کے فیصلے کے خلاف حکم امتناع جاری کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کرکے 3 ستمبر کو جواب طلب کرلیا۔جسٹس جواد حسن نے لیسکو کی درخواست پر عبوری تحریری حکم جاری کیا۔ عدالتی حکم کے مطابق شہری کا مؤقف ہے کہ لیسکو نے 1976 میں اس کی 45 کنال اراضی پر گرڈ سٹیشن قائم کیا، جس کے بدلے لیسکو سے 60 ارب روپے معاوضہ واجب الادا ہے ۔
عدالت نے قرار دیا کہ 2015 کے فیصلے میں معاوضے کی ادائیگی سے قبل ریونیو ریکارڈ اور موقع پر معائنہ کرکے ملکیت اور رقبے کا تعین کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ سول کورٹ قصور نے 8 مئی 2023 کو لیسکو کے حق میں عبوری حکم جاری کیا، جبکہ معاوضے پر عملدرآمد کی کارروائی 16 ستمبر 2024 کو بند کردی گئی تھی۔لیسکو نے زمین کی ملکیت ہی کو متنازعہ قرار دیتے ہوئے صوبائی حکومت کو اصل مالک قرار دیا ہے ۔ عدالت نے معاوضے کا حق دار قرار دئیے گئے شخص کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا بھی حکم دیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments