ن لیگی ایم پی اے قیصر سندھو ،فرح گوگی کیخلاف مقدمہ
کارپوریشن کی جعلی رسیدیں تیار کرکے غیر قانونی فیسیں وصول کرنے کے الزام
گوجرانوالہ (کرائم رپورٹر)تھانہ صدر میں ن لیگی ایم پی اے قیصر سندھو اور فرح گوگی سمیت 8 افراد کے خلاف جعلی سرکاری دستاویزات بنا کر غیر قانونی استعمال کرنے پر ایک اور مقدمہ درج کر لیا گیا ۔بتایا گیا ہے کہ مسلم لیگ ن کے ایم پی اے قیصر سندھو، فرحت شہزادی عرف فرح گوگی اور دیگر افراد کے خلاف کارپوریشن کی جعلی رسیدیں تیار کرکے مبینہ طور پر غیر قانونی فیسیں وصول کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق مقدمہ انفورسمنٹ انسپکٹر طیب الرحمن کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے جس میں مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی قیصر سندھو، فرحت شہزادی عرف فرح گوگی، احسن جمیل، خضر اقبال، افتخار، مظاہر بیگ اور پٹواری منیر حسین سمیت 8 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔ایف آئی آر کے مطابق ملزموں پر الزام ہے کہ کارپوریشن کی جعلی سرکاری رسیدیں تیار کرکے انہیں استعمال کیا گیا اور رسیدوں کے ذریعے شہریوں سے مبینہ طور پر غیر قانونی نقشوں سمیت دیگر کاموں کی فیسیں وصول کی جاتی رہیں۔ مقدمہ میں مزید الزام عائد کیا گیا ہے کہ متعلقہ سوسائٹی کے ملازمین مبینہ طور پر ایم پی اے قیصر سندھو کی پشت پناہی میں غیر قانونی سرگرمیاں انجام دے رہے تھے ۔پولیس نے مقدمہ درج کرکے معاملے کی تفتیش شروع کر دی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments