وزیراعظم آزاد کشمیر شاہ غلام قادر کے گھر پہنچ گئے، تعاون مانگ لیا

وزیراعظم آزاد کشمیر شاہ غلام قادر  کے گھر پہنچ گئے، تعاون مانگ لیا

مظفرآباد (محمد اسلم میر) نو منتخب وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی نے مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر اور وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

افتخار گیلانی شاہ غلام قادر کی رہائش گاہ بنی گالا اسلام آباد پہنچ گئے، ملاقات میں حکومت کی کامیابی کے لئے تعاون طلب کیا ،ذرائع کے مطابق شاہ غلام قادر نے وزیراعظم افتخار گیلانی کی نامزدگی کے حوالے سے اپنے اصولی موقف پر قائم رہتے ہوئے کہا کہ انہیں جماعتی قیادت کی جانب سے روایت سے انحراف کرتے ہوئے ایک جونیئر رکن کو پارٹی کی صدارت کے منصب پر فائز سینئر رکن پر ترجیح دینے پر دکھ ہے ، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ افتخار گیلانی ان کے برخوردار ہیں ان سے ذاتی اختلاف نہیں ، شاہ غلام قادر نے وزیراعظم کو گورننس بہتر ، میرٹ یقینی بنانے اور کارکنوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا مشورہ دیا۔

بیان کے مطابق شاہ غلام قادر نے افتخار گیلانی کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد اور کامیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ، دریں اثنا انجینئر امیر مقام سے ملاقات میں افتخار گیلانی نے آزاد کشمیر کے انتخابات میں بھرپور انتخابی مہم چلانے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ امیر مقام کی دو سالہ محنت کے باعث آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کو تاریخی کامیابی ملی ،ا امیر مقام نے افتخار گیلانی کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی ،علاوہ ازیں وزیراعظم افتخار گیلانی نے گرین الیکٹرک بس ٹرمینل کا دورہ کیا اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے آزاد کشمیر کے عوام کے لئے فراہم کردہ گرین الیکٹرک بسوں کا معائنہ کیا۔ انہیں بس سروس کے اجراء، روٹس اور دیگر انتظامات پر بریفنگ دی گئی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...