چھوٹے شہروں،دیہی علاقوں میں12گھنٹے تک لوڈشیڈنگ،عوام بلبلا اٹھے
لیسکو ریجن میں شارٹ فال 1 ہزار میگاواٹ،بجلی کی غیر اعلانیہ بندش ، راولپنڈی میں دورانیہ 7 گھنٹے سے تجاوز شدید گرمی اور حبس میں بعض دیہی علاقوں میں ہر گھنٹے بعد بجلی بند ہونے کی شکایات بھی سامنے آ رہی ہیں
لاہور(این این آئی،مانیٹرنگ ڈیسک) غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا ، شدید گرمی اور حبس میں لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے عوام بلبلا اٹھے ۔ ملک کے بیشترحصوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری ہے ، مختلف شہروں میں 3 سے 5 اور دیہات میں 6سے 8 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے ، لیسکو ریجن میں بجلی کا شارٹ فال 1000 میگاواٹ تک پہنچ گیا ہے ، راولپنڈی میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 7 گھنٹے سے تجاوز کر گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق بعض دیہی علاقوں میں ہر گھنٹے بعد بجلی بند ہونے کی شکایات بھی سامنے آ رہی ہیں۔شارٹ فال کے باعث بجلی بندش کا دورانیہ 6 سے 12 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق شدید گرمی میں لوڈشیڈنگ سے سب سے زیادہ ملک کے جنوبی علاقے متاثر ہوئے ہیں، جنوبی پنجاب، سندھ اور کے پی میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 10 سے 12 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق ملک کے بڑے شہری علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 6 گھنٹے تک ہے جبکہ دیہی علاقوں اور چھوٹے شہروں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12 گھنٹے تک ہے ، بجلی چوری اور نقصانات والے علاقوں میں لوڈشیڈنگ 12 گھنٹے سے بھی زائد ہے ۔ذرائع کے مطابق ملک بھر میں رات کے اوقات میں بجلی بندش کا دورانیہ زیادہ ہے ۔ حکام کے مطابق بجلی کی فراہمی میں بہتری کا انحصار آر ایل این جی کارگو کی بروقت آمد پر ہوگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments