سہیل آفریدی کا عمران رہائی تحریک میں ناکامی کا اعتراف

 سہیل آفریدی کا عمران رہائی تحریک میں ناکامی کا اعتراف

ناکام اس لئے ہیں کہ ہمارے لوگ دل سے جدوجہد نہیں کررہے :وزیراعلیٰ پختونخوا

پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے عمران خان کی رہائی کی تحریک میں اب تک کی ناکامی کا کھلے عام اعتراف کرتے ہوئے 27ستمبر کو لانگ مارچ اور تمام اہم شاہراہیں بند کرنے کے منصوبے کا اعلان کردیا۔انہوں نے گزشتہ روز یہاں 27 ستمبر کے لانگ مارچ کی مشاورتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے مسلسل جدوجہد کر رہے ہیں لیکن ہم ناکام اس لئے ہیں کہ ہمارے لوگ دل سے جدوجہد نہیں کر رہے ، سب اپنا بوجھ دوسروں پر ڈال رہے اور مصلحت کا شکارہو کر پیچھے ہٹ رہے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ 27 ستمبر کو ایسا نہیں چلے گا ، تمام اراکین کو اپنا بوجھ خود اٹھانا پڑے گا، اس سلسلے میں جنید اکبر نے علی امین گنڈاپور کے پاس جانے کا فیصلہ کیا ہے جس کا میں خیرمقدم کرتا ہوں کیوں کہ مل کر ہی کامیابی ممکن ہوگی، اسی لئے تمام نمائندے آج سے ہی اپنے اپنے علاقوں میں سٹریٹ موومنٹ کا آغاز کریں گے ۔سہیل آفریدی نے سوشل میڈیا کو پارٹی کی طاقت قرار دیتے ہو ئے کہا کہ 27 ستمبر کی تاریخ کے حوالے سے ہونے والے منفی پراپیگنڈے کا عوام نے سڑکوں پر نکل کر جواب دینا ہے ، پی ٹی آئی کی جانب سے 27 ستمبر کو نارتھ پنجاب خیبرپختونخوا کے ساتھ مل کر احتجاج کرے گا، سینٹرل ویسٹ پنجاب کا رخ لاہور کی جانب ہوگا، شاہراہیں بند کر کے احتجاج ریکارڈ کرایاجا ئیگا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...