ملک میں اتحاد ، قانون کی بالادستی کا قیام ناگزیر ، ملی یکجہتی کونسل
امریکا ، اسرائیل پاکستان کو مستحکم نہیں دیکھنا چاہتے ،علامہ ناصرعباس، لیاقت بلوچ اُمہ مشترکہ اسلامی اقدار کیلئے متحد ہو،مقررین کا ’’عشقِ پیغمبرِ اعظم ؐ کانفرنس‘‘ سے خطاب
اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے )سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر ،مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ اور ملی یکجہتی کونسل کے نائب صدر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ حضور اکرم ؐ اخلاقِ کریمہ کا پیکر تھے ، اگر ہم حضور اکرم ؐ کے نقشِ قدم پر چلنے کے دعویدار ہیں تو ہمیں اپنے اندر اخلاقِ حسنہ پیدا کرنا ہوں گے ۔پاکستان میں اتحاد و وحدت اور قانون و انصاف کی بالادستی قائم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی میزبانی میں ملی یکجہتی کونسل کے زیر اہتمام ’’عشقِ پیغمبرِ اعظم ؐ کانفرنس‘‘سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ مذہبی قیادت کی ذمہ داری ہے کہ عوام کو ایسے ہتھکنڈوں سے دور رکھے جو انہیں مسلکی اختلافات اور باہمی انتشار کی طرف لے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا امریکا ، اسرائیل پاکستان کو مستحکم نہیں دیکھنا چاہتے ، مگر افسو س ہے کہ ہمارے حکمران ان طاقتوں کے سب سے زیادہ تابعدار بنے ہوئے ہیں،یہی طرزِ حکمرانی ملک کو موجودہ صورتحال تک لے کر آیا ہے ۔ جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ نے امریکی و اسرائیلی جارحیت کی کھل کر مذمت کی اور اتحاد و وحدت کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔ مہمانِ خصوصی وزیر مذہبی امور خیبر پختونخوا عدنان قادری نے حضرت محمد مصطفیٰ اور آلِ محمدؐ سے محبت و عقیدت کا اظہار کیا اور اتحادِ امت کی اہمیت پر زور دیا۔ جماعت اہلِ حرم کے سربراہ گلزار نعیمی نے کہا امت کو مشترکہ اسلامی اقدار کے لیے متحد ہونا چاہیے ۔ کانفرنس سے علامہ عارف واحدی، عبدالقدوس، قاری محمد عمیر آصف، عبدالحمید گل، ڈاکٹر علی عباس، طیب شاہ بخاری، سلطان قادری، سید عبدالوحید شاہ، پیر سید سعادت علی شاہ اور ڈاکٹر ضمیر اختر نے بھی خطاب کیا اور امت مسلمہ کے اتحاد پر زور دیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments