الیکشن میں ن لیگ نے بد ترین دھاندلی کی ،پی پی آزاد کشمیر
پیپلز پارٹی کو لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں دی گئی ، یہ کمپنی چلتی نظر نہیں آ تی پونچھ ،سدہنوتی میں جلد الیکشن ناگزیر ،فیصل راٹھور،چودھری یاسین،سردار یعقوب
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،خصوصی نامہ نگار) پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی قیادت نے کہا ہے کہ پارٹی کی سات ماہ کی حکومت کا مقصد سیاست نہیں بلکہ ریاست کو بچانا، سیاسی نظام پر عوام کا اعتماد بحال کرنا اور مشکل حالات میں ریاستی معاملات کو درست سمت پر گامزن کرنا تھا۔ کشمیر کا پاکستان کے ساتھ رشتہ انتہائی حساس ہے اور اس رشتے میں کسی قسم کی دراڑ برداشت نہیں کی جائے گی۔مسلم لیگ ن نے حالیہ انتخابات میں بدترین دھاندلی کی اور اس بدترین دھاندلی کی سزا انہیں موجودہ سیٹ اپ کی صورت میں ملی، ہمیں یہ کمپنی چلتی نظر نہیں آتی ۔ان خیالات کا اظہار سابق وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور ، پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے صدر ،قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر چودھری یاسین اور سابق صدر سردار یعقوب خان نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوے کیا۔
فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ، شہ رگ میں تکلیف ہو تو پورا جسم متاثر ہوتا ہے ، گزشتہ چند ماہ سے آزاد کشمیر کی صورتحال کے باعث پورے پاکستان میں تشویش پائی جا رہی ہے ، ہم نے مشکل حالات میں انتخابات کروائے ، تین مراحل میں انتخابات کے باوجود پیپلز پارٹی کو لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں دی گئی اس کے باوجود پیپلز پارٹی نے 14 نشستیں حاصل کیں۔انہوں نے کہا مہاجرین کی نشستوں کا خاتمہ ایکشن کمیٹی کے مطالبات میں سب سے نمایاں تھا، اگر مہاجرین کی نشستیں نصف کردی جاتیں تو آج یہ بحران پیدا نہ ہوتا۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ مسلم لیگ ن اپنے وعدوں پر عمل کرے اور آزاد کشمیر کے بجٹ میں اضافہ کرے ۔ چودھری یاسین نے کہا پونچھ کے سات حلقوں میں انتخابات نہ ہونا انتہائی اہم معاملہ ہے ، میں وثوق سے کہتا ہوں کہ موجودہ کمپنی زیادہ دیر چلتی نظر نہیں آ رہی۔سابق صدر سردار یعقوب خان نے کہا موجودہ حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور جلد سے جلد پونچھ اور سدھنوتی میں امن بحال کر کے وہاں انتخابات کا انعقاد یقینی بنا ئے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments