لاہور: 19 بڑے ہسپتالوں میں فائر سیفٹی نظام نامکمل ، 36 ہائیڈرنٹس کی کمی

 لاہور: 19 بڑے ہسپتالوں میں فائر سیفٹی نظام نامکمل ، 36 ہائیڈرنٹس  کی کمی

65 میں سے صرف 29 فائر ہائیڈرنٹس نصب،گورنمنٹ میٹرنٹی اور شہباز شریف ہسپتال میں ایک ایک ہائیڈرنٹ لگا جنرل ہسپتال میں6 ہائیڈرنٹس زیر التوا ، صوبے کے 103 سرکاری صحت مراکز میں 350 ہائیڈرنٹس کی تنصیب جاری

لاہور (شیخ زین العابدین) لاہور کے 19 بڑے ہسپتالوں میں فائر سیفٹی کا نظام تاحال مکمل نہ ہوسکا، 65 فائر ہائیڈرنٹس کی ضرورت کے مقابلے میں صرف 29 نصب کیے جاسکے ہیں، جبکہ 36 ہائیڈرنٹس کی کمی کے باعث بڑے طبی مراکز میں آتشزدگی کی صورت میں مؤثر فائر فائٹنگ نظام کی تکمیل ایک بڑا چیلنج بن گئی ہے ۔دستاویزات کے مطابق لاہور کے 19 بڑے ہسپتالوں میں فائر ہائیڈرنٹس کی تنصیب کیلئے مجموعی طور پر 65 ہائیڈرنٹس درکار ہیں، تاہم اب تک صرف 29 نصب کیے جاسکے ہیں۔ 36 فائر ہائیڈرنٹس کی تنصیب ابھی باقی ہے ، جس کے باعث متعدد ہسپتالوں کا فائر فائٹنگ نظام تاحال مکمل نہیں ہوسکا۔دستاویزات کے مطابق لاہور جنرل ہسپتال میں سب سے زیادہ 6 فائر ہائیڈرنٹس کی تنصیب زیر التوا ہے ، جبکہ سر گنگا رام ہسپتال میں 3 ہائیڈرنٹس تاحال نصب نہیں کیے جاسکے ۔ جناح ہسپتال، سروسز ہسپتال اور دیگر بڑے طبی مراکز میں بھی فائر سیفٹی نظام کو مکمل کرنے کا عمل جاری ہے ۔غازی آباد، سمن آباد اور قلعہ گجر سنگھ کے ہسپتال بھی ان مراکز میں شامل ہیں جہاں فائر ہائیڈرنٹس کی تنصیب کا کام ابھی مکمل نہیں ہوا۔

گورنمنٹ میٹرنٹی ہسپتال اور شہباز شریف ہسپتال میں فی ہسپتال صرف ایک ایک فائر ہائیڈرنٹ نصب ہے ، جبکہ ضرورت کے مطابق مزید تنصیب درکار ہے ۔دوسری جانب محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق ہسپتالوں میں فائر سیفٹی کا معاملہ صرف لاہور تک محدود نہیں بلکہ پنجاب بھر کے سرکاری صحت مراکز میں فائر فائٹنگ نظام بہتر بنانے کیلئے بھی اقدامات جاری ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبے کے 103 سرکاری صحت مراکز میں مجموعی طور پر 350 فائر ہائیڈرنٹس نصب کیے جارہے ہیں۔فائر ہائیڈرنٹس کی تنصیب کا عمل لاہور سمیت فیصل آباد، راولپنڈی، ڈیرہ غازی خان اور صوبے کے تمام 41 اضلاع میں جاری ہے ۔ صوبائی سطح پر اب تک 63 فائر ہائیڈرنٹس کی تنصیب مکمل کی جاچکی ہے ، جبکہ 108 ہائیڈرنٹس پر کام جاری ہے ۔محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق ہسپتالوں میں فائر سیفٹی نظام کی تکمیل کا مقصد کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی کو ممکن بنانا اور مریضوں، تیمارداروں اور طبی عملے کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے ۔ سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے فائر ہائیڈرنٹس کی تنصیب کا کام جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...