داخلہ کمیٹی کی رہائشی علاقوں سے غیر قانونی ہاسٹلزختم کرنیکی ہدایت

 داخلہ کمیٹی کی رہائشی علاقوں سے غیر قانونی ہاسٹلزختم کرنیکی ہدایت

ہاسٹلز کا معاملہ عدالت میں،جیسے ہی ہدایات ملیں کارروائی کرینگے ،چیئرمین سی ڈی اے سی ڈی اے تمام عمارتوں کے فائر سیفٹی آڈٹ کی رپورٹس تیار کرے ،سینیٹر فیصل سلیم

اسلام آباد(خصوصی رپورٹر )سینیٹ قائمہ کمیٹی داخلہ نے رہائشی علاقوں میں قائم غیر قانونی ہاسٹلز کو فوری ختم کرنے کی ہدایت کردی ،اجلاس کی صدارت سینیٹر فیصل سلیم نے کی ، چیئرمین کمیٹی نے کہا رہائشی علاقوں میں غیر قانونی ہاسٹلز کو فوری ختم کیا جائے ۔ سینیٹر دلاور خان نے کہا سی ڈی اے نے وعدہ کیا تھا کہ وہ اس پر کارروائی کریں گے ۔ چیئرمین سی ڈی اے نے جواب دیا کہ غیر قانونی ہاسٹلز کا معاملہ اس وقت عدالت میں ہے ، جیسے ہی ہدایات ملیں اس معاملے میں 100 فیصد کارروائی کریں گے ۔ کمیٹی نے وفاقی دارالحکومت میں فائر سیفٹی، پانی کی قلت، غیر قانونی پلاٹ الاٹمنٹ، پارکنگ، ڈے کیئر مراکز، جرائم کی صورتحال اور پولیس کی استعداد کار سمیت عوامی تحفظ اور شہری مسائل پر متعلقہ اداروں سے بریفنگ طلب کرتے ہوئے کئی اہم معاملات پر فوری اقدامات کی ہدایت کی۔

سینیٹر عابد شیر علی نے ارکان پارلیمنٹ کے سرکاری پاسپورٹس کے لیے وزارت داخلہ سے این او سی کی شرط کی نشاندہی کرتے ہوئے دریافت کیا کہ اس حوالے سے کون سی قانونی شق یا ضابطہ لاگو ہوتا ہے ، ڈی جی پاسپورٹس نے بتایا کہ موجودہ قانون کے تحت ایسی کوئی پابندی موجود نہیں جبکہ انہوں نے پاسپورٹس کی کیٹیگریز سے متعلق تفصیلی رپورٹ ترجیحی بنیادوں پر کمیٹی کو پیش کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ کمیٹی نے سی ڈی اے کو تمام سرکاری و عوامی عمارتوں کے جامع فائر سیفٹی آڈٹ کی رپورٹس تیار کرنے کی ہدایت کی۔ کمیٹی نے خطیبوں، آئمہ اور مساجد کے عملے سے متعلق سفارشات پر عملدرآمد نہ ہونے کا معاملہ آئندہ اجلاس تک موخر کردیا۔ آئی جی اسلام آباد نے کمیٹی کو بتایا کہ گزشتہ برسوں کے مقابلے میں جرائم میں 28 فیصد کمی آئی ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...