پاکستان،اٹلی میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ، قائم مقام صدر
یوسف رضا گیلانی سے اطالوی سفیر کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال
اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے ، سٹاف رپورٹر ) قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا پاکستا ن اور اٹلی کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے ، دونوں ممَالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، افرادی قوت کی نقل و حرکت اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیا جائے ۔پیرکو قائم مقام صدر نے ان خیالات کا اظہار اٹلی کے سفیر یوگو چیئرلاتانی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ایوانِ صدر میں ان سے ملاقات کی۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان اٹلی کے ساتھ دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔
انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ سفیر یوگو چیئرلاتانی اپنی سفارتی ذمہ داریوں کے دوران دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں کردار ادا کریں گے ۔قائم مقام صدر نے کہا کہ پاکستان اٹلی کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کا منتظر ہے ۔ انہوں نے سفیر یوگو چیئرلاتانی کو اسلام آباد میں اٹلی کے نئے سفارتی مشن کی تکمیل پر مبارکباد دی ، اٹلی کی جانب سے پاکستان سے 10500 ہنرمند کارکنوں کی بھرتی کے فیصلے کا خیرمقدم کیا اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی 2025-26ء کی مدت کے لئے غیر مستقل رکن کے طور پر پاکستان کے انتخاب میں اٹلی کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments