بلوچستان : سکیورٹی فورسز کے آپریشنز ، 48 دہشتگرد ہلاک، سبی میں پولیس سٹیشن پر حملے کی کوشش ناکام بنا دی : آئی ایس پی آر
72 گھنٹوں میں فتنہ الہندوستان ،فتنہ الخوارج کے متعدد ٹھکانے تباہ ،کوئٹہ 26،مستونگ6، قلات ،سبی میں 2،2 دہشتگرد مارے گئے رواں سال صوبے میں1188 دہشتگردو ں کی ہلاکت فورسز کی استعداد کی دلیل:صدر ،دہشتگردی خاتمے تک جنگ جاری :وزیراعظم
راولپنڈی،اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر،نامہ نگار)سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں دہشتگردی کے خلاف کارروائیوں کے دوران 72 گھنٹوں میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 48 دہشتگردوں کوہلاک کردیا۔ گزشتہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران 36 دہشتگرد مارے گئے ۔ پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق مستونگ میں آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا پتا چلا، سکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے 6 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ کارروائی میں گولہ بارود اور دیسی ساختہ بم بھی تباہ کر دئیے گئے ۔کوئٹہ کے علاقے شعبان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے 4 ٹھکانے تلاش کیے ، فائرنگ کے تبادلے میں 26 خوارج ہلاک کر دئیے گئے ۔قلات میں بھی سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے پر کارروائی کرتے ہوئے 2 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔سبی کے علاقے بھاگ میں دہشت گردوں نے پولیس سٹیشن پر حملے کی کوشش کی، تاہم سکیورٹی فورسز نے مقامی آبادی کے تعاون سے فوری کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کی کوشش ناکام بنا دی۔ فائرنگ کے تبادلے میں 2 بھارتی سپانسرڈ دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ گزشتہ 48 سے 72 گھنٹوں کے دوران بلوچستان میں بھارتی پراکسیز فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 48 دہشت گردوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے ۔علاقے میں ممکنہ دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کے منظور شدہ وژن ‘‘عزمِ استحکام’’ کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں بھرپور رفتار سے جاری رہیں گی تاکہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے ۔صدر اور وزیراعظم نے کامیاب آپریشنز پر فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا صرف اس سال بلوچستان میں 1188 سے زائد دہشت گردوں کی ہلاکت پاکستان کو درپیش خطرات اور سکیورٹی فورسز کی استعداد کی دلیل ہے ، ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کا پختہ عزم ہے ۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا دہشتگردی کے ملک سے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے ۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی سکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس آپریشن کی کامیابی پر اظہار تشکر کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments