سرگودھا میں مزید 7 الیکٹرو بسیں دینے کا اعلان ، عوام کیلئے تمام وسائل حاضر : مریم نواز

 سرگودھا میں مزید 7 الیکٹرو بسیں دینے کا اعلان ، عوام کیلئے تمام وسائل حاضر : مریم نواز

عوام کو جدید، محفوظ اور آرام دہ سفری سہولیات کی فراہمی ترجیحات میں شامل :سرگودھا کے ارکان اسمبلی سے گفتگو پنجاب جنگلی حیات کے تحفظ اور فروغ کیلئے پاکستان ہی نہیں بلکہ پوری دنیا میں مثال بن رہا :وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور (سٹاف رپورٹر،اے پی پی)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سرگودھا کے شہریوں کو مزید 7 الیکٹرک بسیں فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو جدید، محفوظ اور آرام دہ سفری سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ۔یہ اعلان انہوں نے گزشتہ روز سرگودھا سے تعلق رکھنے والے ارکان صوبائی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، وزیراعلیٰ پنجاب سے رکن اسمبلی وصوبائی وزیر صہیب احمد ملک، منصور اعظم، میاں سلطان  رانجھا، اکرام الحق، صفدر حسین ساہی، رانا منور حسین، تیمور علی خان اور سردار عاصم شیر میکن نے ملاقات کی ، اس موقع پر سرگودھا میں جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی مسائل اور فلاحی پروگراموں پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ عوام کو الیکٹرک بسوں میں بالخصوص بچوں اور خواتین کو آرام دہ سفر کرتے دیکھ کر دلی اطمینان ہوتا ہے ، سرگودھا سمیت پنجاب کے ہر شہر کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ، عوام کی سہولت کیلئے تمام وسائل حاضر ہیں،پنجاب کے ہر ہر حصے میں بلاامتیاز و تفریق ترقی نواز شریف کا ویژن ہے اور حکومت اسی ویژن کے مطابق عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر عمل پیرا ہے۔ ایم پی ایز نے کہا کہ الیکٹرک بس سروس سے روزانہ ہزاروں افراد مستفید ہو رہے ہیں،سرگودھا میں نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا قیام ناقابل فراموش اقدام ہے۔

مریم نواز نے ارکان اسمبلی کو اپنے اپنے علاقوں میں مثالی گاؤں، ستھرا پنجاب پروگرام اور صاف پانی کے منصوبوں کی کڑی مانیٹرنگ کی ہدایت کی۔ دریں اثناء وائلڈ لائف ڈے کے حوالے سے پیغام میں مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب جنگلی حیات کے تحفظ اور فروغ کیلئے پاکستان ہی نہیں بلکہ پوری دنیا میں مثال بن رہا ہے ،پنجاب کو 50 ہزار پرندے ، 1020 جنگلی جانور، 30 ریچھ ریسکیو کرنے کا اعزاز حاصل ہے ، وائلڈ لائف کے تحفظ کیلئے پنجاب میں 14ہزار700 چالان، 1ہزار50 ایف آئی آر رجسٹرڈ کی گئیں، 205 ملین روپے جرمانہ وصول کیے گئے ،104 ایریاز وائلڈ لائف پروٹیکٹڈ قرار اور 3 وائلڈ لائف ری ہبلیٹیشن سنٹر قائم کئے گئے ، جام پور، بیٹ لنڈی پتافی تا گدو بیراج، پنجند انڈس ڈولفن کی محفوظ پناہ گاہ قراردی گئی ۔ پنجاب میں پہلی مرتبہ باقاعدہ وائلڈ لائف رینجرز قائم کی گئیں اور 544 کی ٹریننگ مکمل کی جاچکی ، پٹرولنگ اور وائلڈ لائف کرائم آپریشن کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جنگلی جانوروں کے علاج کیلئے سٹیٹ آف دی آرٹ وٹرنری ہسپتال کمپلیکس کا قیام،تاریخ میں پہلی مرتبہ وائلڈ لائف ہاسپٹل آن ویلز، موبائل ویٹرنری کلینک پراجیکٹ بھی شروع کیے ہیں ۔ جنگلی حیات کے تحفظ اور فروغ کو یقینی بنانے کیلئے برسوں پرانے فرسودہ قوانین میں موثر ترامیم کی گئی ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...