حافظ نعیم کا دھرنے جاری رکھنے ،10 روز بعد پہیہ جام کی تاریخ دینے کا اعلان
حکمرانوں کا زوال شروع ہو چکا، انہیں عوامی مطالبات ماننا ہونگے :امیر جماعت اسلامی ، مینگورہ میں جلسہ سے خطاب حکومتی مذاکراتی کمیٹی سے عوامی مسائل کے حل کیلئے 7 ستمبر کو اسلام آباد میں مذاکرات ہوں گے :لیاقت بلوچ
سوات،مینگورہ،لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک،دنیا نیوز)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے دھرنے جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پٹرولیم لیوی میں کمی اوردیگر عوامی مطالبات تسلیم نہ کئے تو احتجاجی تحریک کو مزید وسعت دی جائے گی ،10 روز بعد ملک گیر پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کیا جائے گا، حکومت پھر بھی نہ مانی تو اسلام آباد کی جانب پیدل مارچ بھی کیا جائے گا،موجودہ حکمرانوں کے زوال کا آغاز ہو چکا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوات(مینگورہ)میں بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر کے پی شمالی عنایت اللہ خان اور دیگر رہنماؤں نے بھی اظہار خیال کیا۔حافظ نعیم الرحمن نے 3ستمبر کی ملک گیر تاریخی ہڑتال پر کارکنوں کو مبارکباد دیتے کہا کہ ہمارے نوجوانوں نے تاریخی جدوجہد کی ،حکومت کو عوامی مطالبات ماننا ہونگے ،اگر ٹال مٹول سے کام لیا گیا تو جماعت اسلامی ’’حکومت گراؤ، انقلاب لاؤ‘‘ مارچ شروع کرنے پر بھی غور کرے گی ،عوامی مسائل کے حل کیلئے فوری اور عملی اقدامات کئے جائیں۔
انہوں نے کہا ملاکنڈ ڈویژن کے عوام کا ٹیکس استثنیٰ کا مطالبہ جائز ہے اور جب تک خطے میں حالات مکمل طور پر معمول پر نہیں آتے ٹیکسوں میں ریلیف دیا جانا چاہئے ،اگر مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو آئندہ شٹر ڈاؤن ہڑتال نہیں بلکہ پہیہ جام ہڑتال ہوگی اورپورے ملک کو جام کیا جائے گا،عوام اب مزید تاخیری حربے قبول کرنے کیلئے تیار نہیں۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکمران اپنی عیاشیوں کیلئے عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈال رہے ہیں ، غریب کیلئے دو وقت کی روٹی مشکل ہو گئی ،پٹرول پر لیوی لگا کر قیمتیں آسمان پر پہنچا دی گئیں جس کے باعث اشیائے ضروریہ مہنگی ہو چکیں، ہر موٹرسائیکل سوار پٹرول پر 35 فیصد ٹیکس دیتا ہے ،حکومتی کمیٹی کے ساتھ مذاکرات کی کامیابی اور مطالبات منظور ہونے تک دھرنے جاری رہیں گے ۔ ادھر جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر و مذاکراتی ٹیم کے چیئرمین لیاقت بلوچ نے جاری بیان میں کہا ہے کہ حکومت اور جماعت اسلامی کی مذاکراتی کمیٹیوں کا اجلاس 7 ستمبر (پیر)کو اسلام آباد میں ہوگا، جس میں عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے بات چیت آگے بڑھائی جائے گی ، اب یہ حکومت پر منحصر ہے کہ وہ کتنی سنجیدگی کا مظاہرہ کرتی اور کتنے وقت میں مسئلہ حل کرتی ہے ۔دوسری طرف جماعت اسلامی کے پٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف لاہور اور دیگر شہروں میں جمعتہ المبارک کو 20 ویں روز بھی دھرنے جاری رہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments