ملک کے مختلف علاقوں میں بارش،چھت گرنے سے شہری جاں بحق

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش،چھت گرنے سے شہری جاں بحق

لاہور کے متعدد علاقے زیرآب ،چھت رائیونڈ میں گری، 3افراد زخمی بھی ہوئے دریاؤں کے پانی میں اضافے کا امکان،بالائی پختونخوا میں ژالہ باری، سردی شروع

لاہور ،اسلا م آباد،پشاور (سٹاف رپورٹر سے ،کرائم رپورٹر ،نیوز ایجنسیاں )ملک کے کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ،لاہور کے متعدد نشیبی علاقے  زیر ِ آب آ گئے ، رائیونڈ میں مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا جبکہ اس کی بیوی اور 2بچے زخمی ہوگئے ،بیشتر علاقوں میں آج بھی بارش کا امکان ہے ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں گزشتہ روز سب سے زیادہ بارش جوہر ٹاؤن میں 100.2 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ گلشنِ راوی 46.2، سمن آباد 42.8، نشتر ٹاؤن ڈائریکٹر آفس 40 ، گارڈن ٹاؤن علی بلاک 40.8 ،کاہنہ 32.8، فرخ آباد 31.2، جوبلی ٹاؤن 30.4، اپر مال 26 اور جیل روڈ پر 25 ،لکشمی چوک 15.2 اور تاجپورہ میں 14 ملی میٹر بارش ہوئی۔ جوہر ٹاؤن ، ایس ڈی او آفس سے ملحقہ علاقے اور ایکسپو سینٹر و ایمپوریم مال کے اطراف کی سڑکیں زیرِ آب آ گئیں ، پی آئی اے روڈ اور دیگر اہم شاہراہوں پر پانی جمع ہونے کی وجہ سے گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی روانی شدید متاثرہوئی اور ٹریفک سست روی کا شکار ہو گئی۔واسا حکام کے مطابق تمام انڈر پاسز اور مرکزی ہاٹ سپاٹ پوائنٹس کلیئر کر دیئے ہیں۔

ادھر رائیونڈ میں بارش کے باعث مکان کی خستہ حال چھت گرنے سے اشرف نامی شخص دم توڑ گیا، اس کی بیوی فوزیہ، بیٹا عثمان اور بیٹی خدیجہ زخمی ہوگئے ۔ اطلاع پر ریسکیو ٹیم نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا ۔دریں اثنا جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی ایک بار پھر وقفہ وقفہ سے بارش ہوئی جس سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ۔ ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق بارشوں کے باعث دریائے سندھ،جہلم،چناب، راوی کے اہم کیچمنٹ ایریاز میں پانی کے اضافے کا امکان ہے جبکہ راولپنڈی، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال اور لاہور میں بھی اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے ۔ این ڈی ایم اے کے مطابق راول ڈیم میں پانی کا لیول 1751.40 فٹ پر پہنچ چکا جس کے باعث راول ڈیم کے سپل ویز کھول دیئے گئے ہیں ۔ ادھر پختونخوا کے ضلع شانگلہ سمیت دیگربالائی پہاڑی اور میدانی علاقوں میں چوتھے روز بارش کے بعد مختلف مقامات پر ژالہ باری بھی ہوئی جس کے باعث وہاں سردی شروع ہوگئی ۔محکمہ موسمیات نے بارشوں کے موجودہ سلسلے کے آئندہ دو روز تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...