کوہ پیمائی حادثات، قوانین ایس او پیز پر نظر ثا نی کا فیصلہ
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے براڈ پیک سمیت حالیہ کوہ پیمائی حادثات کا نوٹس لیتے ہوئے ٹریکنگ و کوہ پیمائی قوانین اور ایس او پیز پر نظرِثانی کا فیصلہ کیا ہے اوراس حوالے سے 3رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔۔۔
جو 15 دن کے اندر جامع رپورٹ پیش کرئے گی ۔وزیراعلیٰ امجد حسین نے رواں سال کوہ پیمائی کے دوران پیش آنے والے حادثات، بالخصوص براڈ پیک کے حالیہ واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ کوہ پیماؤں، ٹریکنگ گروپس، گائیڈز، پورٹرز اور دیگر متعلقہ افراد کی جان و سلامتی کو ہر صورت یقینی بنا یا جا ئے ۔ گلگت بلتستان حکومت نے 1999 کے ٹریکنگ رولز اینڈ ریگولیشنز، متعلقہ طریقہ کار، شرائط و ضوابط اور ایس او پیز کا جامع ازسرنو جائزہ لینے اور حالیہ حادثات میں ممکنہ غفلت یا انتظامی کوتاہی کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کے لیے 3 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔
جس کی سربراہی سیکرٹری فاریسٹ، وائلڈ لائف اینڈ پارکس سبطین احمد کریں گے ، سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی ضمیر عباس ممبر و کنوینر اور کمشنر بلتستان ڈویژن کمال خان بطور ممبر شامل ہوں گے ۔وزیراعلیٰ نے واضح کیا ہے کہ کمیٹی براڈ پیک حادثے میں ہونے والی ممکنہ کوتاہیوں کی ذمہ داری کا تعین کرنے کے ساتھ ساتھ موجودہ ٹریکنگ قوانین کا شق وار جائزہ لے گی۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ دور دراز اور محدود علاقوں میں سرچ اینڈ ریسکیو، ہیلی کاپٹر ایویکوایشن، موسم کی پیش گوئی اور ارلی وارننگ، مواصلات اور ہنگامی امداد کے انتظامات کا بھی جائزہ لے کر ایسے لازمی حفاظتی پروٹوکول وضع کیے جائیں جن سے مستقبل میں جانی نقصان کے امکانات کم سے کم ہوں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments